فلم پشپا ۔ 2 کے پروڈیوسرس کو گرفتار نہ کرنے ہائیکورٹ کی ہدایت

   

ضمانت کی درخواست کی سماعت، پروڈیوسرس نے بھگدڑ سے لاتعلقی کا اظہار کیا
حیدرآباد 2 جنوری (سیاست نیوز) فلم پشپا ۔ 2 پریمئر شو کے موقع پر 4 ڈسمبر کو سندھیا تھیٹر میں پیش آئے بھگدڑ واقعہ میں فلم کے پروڈیوسرس وائی روی شنکر اور وائی نوین کو ہائیکورٹ نے راحت دی ہے۔ پولیس کو ہدایت دی گئی کہ وہ اِس معاملہ کی تحقیقات کی جاری رکھ سکتی ہے لیکن پروڈیوسرس کو گرفتار نہ کیا جائے۔ بھگدڑ واقعہ میں ایک خاتون کی موت کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے روی شنکر اور نوین کو بطور ملزم شامل کیا تھا۔ پولیس مقدمہ کو کالعدم قرار دینے فلم پروڈیوسرس ہائیکورٹ سے رجوع ہوئے۔ جسٹس کے سجنا نے درخواست کی سماعت کی اور عبوری احکامات جاری کرکے پروڈیوسرس کو گرفتاری سے راحت دی ہے۔ درخواست گذاروں کے وکیل نوین کمار نے عدالت کو بتایا کہ بھگدڑ واقعہ سے اُن کے موکلین کا کوئی تعلق نہیں ۔ ایف آئی آر میں درج الزامات اُن پر لاگو نہیں ہوتے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ فلم اسٹار الو ارجن کی تھیٹر آمد کی پولیس کو تھیٹر انتظامیہ سے اطلاع دی گئی تھی۔ واقعہ کے دن پولیس عہدیداروں، اے سی پی اور ڈی سی پی نے تھیٹر پہونچ کر حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا تھا۔ فریقین کی سماعت کے بعد عدالت نے فلم پروڈیوسرس کو گرفتار نہ کرنے کی ہدایت کے ساتھ عبوری احکام جاری کئے۔ عدالت نے پروڈیوسرس کو ہدایت دی کہ وہ تحقیقات میں پولیس سے تعاون کریں۔ عدالت نے پولیس اور درخواست گذاروں کو حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت دی۔ اِسی دوران بھگدڑ واقعہ میں گرفتار تھیٹر کے منیجر شرت چندرا نائیڈو اور الو ارجن کے شخصی مددگار سی ایچ رمیش و سری راملو راجو کو ضمانت کی منظوری کیلئے درخواستوں کی سماعت 6 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔ مائتری مووی میکرس کے روی شنکر و نوین نے اپنی درخواست میں بھگدڑ واقعہ سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔ چکڑپلی پولیس نے مقدمہ میں پروڈیوسرس کے علاوہ سندھیا تھیٹر کے انتظامیہ فلم اسٹار الو ارجن اور اُن کے شخصی سکیورٹی گارڈس کو شامل کیا ہے۔ درخواست گذاروں کے وکیل کا کہنا تھا کہ پولیس کو بروقت اطلاع دی گئی باوجود اس کے بھگدڑ کا واقعہ پیش آیا جس کیلئے فلم اسٹار اور پروڈیوسرس کو ذمہ دار قرار نہیں دیا جاسکتا۔ 1