فلک نما ریل اوور برج سے متصل نیا برج 3 ماہ میں مکمل کرلیا جائیگا

   

حیدرآباد 15 فروری(سیاست نیوز) فلک نما ریل اوور برج سے متصل برج کی تعمیر اندرون 3ماہ مکمل ہوجائے گی اور فلک نما تا چندرائن گٹہ ٹریفک مسائل کو حل کرلیا جائے گا۔ریل اوور برج سے متصل برج کی تعمیر کئی ماہ سے زیر التواء تھی اور اسمبلی انتخابات سے قبل اس کے کاموں کا آغاز کیاگیا تھا لیکن اب کاموں کی رفتار تیز ہوچکی ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ آئندہ 3ماہ میں نئے فلک نما ریل اوور برج کو کارکرد بنا دیا جائیگا۔برج کے دونوں جانب ریمپ کی تعمیر مکمل ہوگئی اور اب پٹریوں پر جو سلاب تیار کیا جانا باقی ہے جو اندرون 2ماہ مکمل ہونے کا امکان ہے۔ حکام کا کہناہے کہ متصل برج کے تعمیراتی کاموں کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت دی جاچکی ہے ۔طویل مدت سے زیر التواء برج کی تعمیر کے بعد چندرائن گٹہ سے فلک نما آنے والی ٹریفک کیلئے علحدہ برج پر روزانہ ٹریفک جام کے مسائل کے خاتمہ کا سبب بنے گا ۔ برج کی تعمیر کیلئے فلک نما سے چندرائن گٹہ سڑک پر جن جائیدادوں کو حاصل کیا گیا تھا انہیں سڑک کی توسیع کیلئے ہٹا دیا گیا ہے تاکہ اس راہداری پر ٹریفک مسائل کو ختم کیا جاسکے ۔ ذرائع کے مطابق متصل برج کی عاجلانہ تعمیر کیلئے جی ایچ ایم سی سے ریلوے کو ریلوے ٹریک پر برج کی تعمیر سے واقف کروایا جاچکا ہے اور عہدیداروں نے تعمیراتی حکام اور ایجنسیوں سے رابطہ کرکے ریل اوور برج کے کاموں کی تکمیل کے سلسلہ میں درکار سہولتوں کی فراہمی کے متعلق اجازت نامے جاری کردیئے ہیں جس کے نتیجہ میں برج کے کاموں کی رفتار کو تیز کردیا گیا تاکہ معینہ وقت میں کام مکمل ہوسکے۔3