فنچ کی نصف سنچری، آسٹریلیا 50 رنز سے کامیاب

   

ویلنگٹن : کپتان آرون فنچ کی نصف سنچری کی بدولت سست وکٹ پر کھیلے گئے چوتھے ٹی ٹوئنٹی مقابلہ میں آسٹریلیا نے میزبان نیوزی لینڈ کو 50 رنز سے شکست دی۔ ٹاس جیتنے کے بعد فنچ نے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور جہاں سست وکٹ پر ان کی نصف سنچری مکمل ہوئی اور ٹیم کے اسکور میں تیزی سے رنز بنانے کی ضرورت تھی تو انہوں نے آخری اوور میں کائی جمیسن کو 3 چھکے مارنے کے علاوہ اس اوور میں 26 رنز بناتے ہوئے ٹیم کے مجموعی اسکور کو 156/6 تک پہنچایا جس کے بعد آسٹریلیائی بولروں نے نیوزی لینڈ کو 106 رنز پر ڈھیر کردیا۔ فنچ جنہوں نے 55 گیندوں میں 5 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر 79 رنز اسکور کئے اور اس دوران اننگز کا 35 واں رن مکمل کرنے کے بعد وہ ڈیویڈ وارنر کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کے آسٹریلیائی ریکارڈ کو اپنے نام کرلیا ہے۔ وارنر اس مقابلہ سے قبل 2265 رنز کے ذریعہ آسٹریلیا کیلئے ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین تھے۔ دیگر بیٹسمینوں میں گلین میکسویل نے 9 گیندوں میں 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 18 رنز اسکور کئے جبکہ مارکس اسٹونس نے 13 گیندوں میں 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 19 رنز اسکور کئے۔ نیوزی لینڈ کیلئے ایش سودھی نے 32 رنز کے عوض 3 اور ٹرینٹ بولٹ نے 27 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ جوابی اننگز میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 106 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور اب جمیسن 18 گیندوں میں 5 چوکوں کی مدد سے 30 رنز اسکور نہ کرتے تو میزبان ٹیم کی حالت مزید ابتر ہوتی۔ اس مقابلہ میں دوسرا اعظم ترین اسکور وکٹ کیپر بیٹسمین ٹم سیفرٹ نے 19 رنز کی شکل میں بنایا۔ آسٹریلیا کیلئے کین رچرڈسن نے 19 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ آسٹراگر، ایڈم زمپا اور میکسویل نے فی کس 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ 5 مقابلوں کی سیریز کے ابتدائی دو مقابلے جہاں نیوزی لینڈ نے اپنے نام کئے تھے وہیں تیسرے اور چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں آسٹریلیا کامیاب رہا جس کی وجہ سے سیریز اب 2-2 کے مساوی موقف میں ہے اور فیصلہ کن مقابلہ باقی ہے۔