فنڈس کی قلت : افغان خاندانوں کی مدد جاری رکھنا مشکل

   

اسلام آباد: افغانستان میں ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) نے خبردار کیا ہے کہ ان کے پاس فنڈنگ کی قلت ہے ، جس کے سبب وہ پاکستان سے آنے والے افغان خاندانوں کی مدد جاری نہیں رکھ سکیں گے ۔ ڈان نیوزکی رپورٹ کے مطابق ڈبلیو ایف پی افغانستان کے کنٹری ڈائریکٹر ہسیو وائی لی نے ایک بیان میں بتایا کہ ورلڈ فوڈ پروگرام ایک کروڑ افراد کے لیے خوراک کی ہنگامی امداد نہ کرنے پر مجبور ہے ، اور اب صرف 5 میں سے ایک کی مدد کرسکتی ہے ، جنہیں بقا کے لیے سپورٹ کی ضرورت ہے ۔ افغانستان کے کنٹری ڈائریکٹر نے بتایا کہ صورتحال سنگین ہے کیونکہ چند ہفتے بعد سخت سردی آ جائے گی اور ملک پہلے ہی زلزلوں کے تباہ کن اثرات، خراب معیشت اور بگڑتے موسمیاتی بحران سے متاثر ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سرحد پار کرکے آنے والے زیادہ تر خاندان بھوکے ہیں، اور انہیں فوری طور پر امداد کی ضرورت ہے ، ورلڈ فوڈ پروگرام ان تمام فیملیز کو بسکٹس اور نقدی فراہم کر رہا ہے تاکہ وہ خوراک و دیگر اشیائے ضروریہ خرید سکیں۔