فون کمپنی کو ہزاروں شکایتی کالز کرنے والا معمرشخص گرفتار

   

ٹوکیو ۔ 3ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام) اکثر لوگ ٹیلی فون کمپنیوں یا دیگر عوامی خدمات کے اداروں کو اطمینان بخش خدمات فراہم نہ کرنے کی صورت میں تحریری یا زبانی ( فون کے ذریعہ بھی ) شکایتیں درج کرواتے ہیں لیکن جاپان کے 71سالہ شخص اکیتوشی اوکاموٹو نے تو حد ہی کردی ۔ اس نے ایک فون کمپنی کو آٹھ دنوں کے اندر ایک دو نہیں بلکہ 24,000شکایتیں کالز کیں ۔ جاپان کی معروف فون کمپنی KDDI کے کسٹمر سرویس سیکشن نے بیزار ہوکر پولیس میں شکایت کردی اور اوکاموٹو کو گرفتار کرلیا گیا ۔ کہا جارہا ہے کہ یہ کالز ایسی تھیںجن کے بارے میں انکشاف کیا گیا لیکن میڈیا کا کہنا ہے کہ اُس نے دیگر پبلک فونس سے بھی ( پیسے ادا کرتے ہوئے ) فون کمپنی کو ہزاروں کالز کئے اور KDDI اسٹاف کی توہین کی ۔ اس کی بس ایک ہی شکایت تھی کہ کمپنی نے اس کے ساتھ کئے گئے معاہدہ کی خلاف ورزی کی ہے اور اس کا مطالبہ تھا کہ KDDI کا اسٹاف اس کے گھر آکر اس سے معافی مانگے ۔