فکسنگ کی بنیادی وجہ لالچ جس پر قابو پانا ناممکن :گواسکر

   

نئی دہلی۔24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر کا خیال ہے کہ کرکٹ میں میچ فکسنگ پر مکمل طور پر قابو پانا مشکل ہے کیونکہ ہمیشہ کوئی نہ کوئی لالچ میں ایسا کرنے کے لئے تیار رہے گا جس کا کوئی علاج نہیں ہے۔ تمل ناڈو پریمیئر لیگ سے منسلک کھلاڑیوں اور حکام پر میچ فکسنگ میں شامل ہونے کے الزام لگنے کے بعد گواسکر نے یہ رائے دی۔ اس معاملے میں تحققیات چل رہی ہیں۔ گواسکر نے کہا کہ لالچ ایسی چیز ہے جس میں تعلیم، رہنمائی، اینٹی کرپشن لوگوں کے ساتھ کتنے بھی سیمینارز کرلو کسی کا فائدہ صد فیصد ہونا مشکل ہے۔ لالچ انسانی فطرت ہے۔گواسکر نے یہ بیان بنگلور میں ایک پروگرام کے دوران دیا۔انہوں نے کہاکہ بہترین معاشرے، سب سے ترقی یافتہ معاشرے میں بھی مجرم ہوتے ہیں۔کرکٹ میں بھی ہمیشہ ایسے لوگ رہیں گے جو لالچ سے متاثر ہو جائیں گے۔کوئی نہ کوئی وجہ انہیں کچھ کرنے کے لئے پابند کر سکتی ہے۔مجھے نہیں لگتا کہ یہ ایسی چیز ہے جسے آپ مکمل طور پر قابو میں کر سکتے ہیں۔ حالانکہ اب یہ ممکن نہیں ہے کہ آپ غلط کام کرکے بچ نکلیں۔ انہوں نے کہاکہ میں تصور کر سکتا ہوں کہ کبھی کبھی حالات کو دیکھتے ہوئے کھلاڑی سوچ سکتا ہے کہ میں اس سے بچ نکلوںگا لیکن آپ اس سے بچ نہیں سکتے۔کیونکہ ٹیلی ویژن کی کوریج بہت زیادہ ہے ہر پہلو کا احاطہ ہوتا ہے۔