فیصل بن فرحان کا ہالینڈ کی وزیر خارجہ سے غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال

   

لکسمبرگ: سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ نے ہالینڈ کی مملکت کے وزیر خارجہ ہانک برنس سلوٹ سے سلامتی اور علاقائی تعاون کے اعلیٰ سطحی فورم کے موقع پر ملاقات کی۔یہ اجلاس خلیج تعاون کونسل کے ممالک اور یورپی یونین کے اشتراک سے لکسمبرگ کے گرینڈ ڈچی میں منعقد ہوا۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور انہیں مختلف شعبوں میں مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی واقعات میں پیش رفت، خاص طور پرفلسطین کے جنگ زدہ علاقے غزہ کی پٹی اور اس کے گرد ونواح میں ہونے والی پیش رفت اور جنگ بندی کے لیے کی جانے والی مساعی پر تبادلہ خیال کیا۔لکسمبرگ میں جی سی سی، یورپی یونین فورم کے موقع پر ڈنمارک اور آسٹریا کے وزرائے خارجہ نے بھی شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ سے ملاقاتیں کی ہیں۔ ایس پی اے کے مطابق ڈنمارک کے وزیر خارجہ لارس لوکے راسموسن سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور انہیں فروغ دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔ سعودی وزیر خارجہ سے اٹلی کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ انتونیو تاجانی کی ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کے پہلووں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں ملکوں کیلئے دلچسپی کے امور، دوطرفہ اور کثیر الجہتی ہم آہنگی کو تیز کرنے کے طریقوں پر بات چیت کی گئی۔ مشرق وسطی میں پیش رفت خاص طور پر غزہ کے بحران کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔