فیفا ورلڈ کپ: پانچ بار کی چیمپئن برازیل ٹورنمنٹ سے باہر

   

ناروے نے سنسنی خیز مقابلہ میں 2-1سے شکست دیکر سب کو حیران کردیا
نیویارک۔6؍جولائی ( ایجنسیز )فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میچ میں ناروے نے 5 بار کی عالمی چیمپئن برازیل کو شکست دے کر ٹورنمنٹ سے باہر کردیا اور کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔نیویارک میں برازیل اور ناروے کے درمیان کھیلے گئے میچ کا آغاز سنسنی خیز رہا، کھیل کے چوتھے منٹ میں ناروے کے پیٹرک برگز نے گیند برازیل کے جال میں پہنچا دی لیکن آف سائیڈ کے سبب اْن کے گول کو مسترد کردیا گیا۔کچھ ہی دیر بعد برازیل کو فاؤل پر پنالٹی مل گئی مگر برونو گومیریس ناروے کے گول کیپر کو چکمہ نہ دے سکے۔پہلے ہاف میں دونوں جانب سے ایک دوسرے کے گول پر کئی حملے ہوئے مگر کوئی بھی سبقت حاصل نہ کرسکا۔ اس ہاف میں ناروین ٹیم نسبتا بہتر کھیلتی رہی۔ وقفہ پر مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر تھا۔ دوسرے ہاف میں کھیل بڑھتا رہا اور کافی تیزی آئی، 79ویں منٹ میں ناروے کے ایرلنگ ہالینڈ کو ساتھی کھلاڑی کے کراس پر گیند برازیل کے جال میں پہنچانے کا موقع مل گیا۔ایک زوردار اور شاندار ہیڈر کے ذریعہ اْنہوں نے گول کردیا۔اس کے بعد برازیل کی گول کرنے کی کوششیں تیز ہوگئیں مگر سب بے کار، 79ویں منٹ میں ایرلنگ ہالینڈ پھر ایکشن میں آئے اور ڈی کے باہر سے اْن کی لگائی ہوئی ایک شاندار کک برازیل کے دفاعی کھلاڑیوں اور گول کیپر کو چکمہ دیتے ہوئے گول میں پہنچ گئی، مقابلہ دو صفر ہوگیا۔کھیل کے انجری ٹائم میں برازیل کو فاؤل کے نتیجے میں ریفری نے پھر پنالٹی ایوارڈ دیا جس پر متبادل کھلاڑی کے طور پر آنے والے اسٹار کھلاڑی نیمار نے گول کردیا۔اس موقع پر اْن کی ناروے کے گول کیپر سے تکرار بھی ہوئی۔ اس گول کے چند لمحات کے بعد ریفری نے کھیل ختم ہونے کی سیٹی بجادی یوں پانچ مرتبہ کی عالمی چیمپئن برازیلین ٹیم پری کوارٹر فائنل میں ناروے سے ہار گئی جو میگا ایونٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کوارٹر فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے اور برازیل کی طاقتور ٹیم کو شکست دیکر سب کو حیران کردیا۔کوارٹر فائنل میں ناروے کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا۔