فیور ہاسپٹل کے 36 بیڈس منکی پاکس آئسولیشن کیلئے مختص

   

سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کے شنکر نوڈل آفیسر مقرر، مشتبہ افراد کو ایرپورٹ سے فیور ہاسپٹل منتقل کیا جائے گا

حیدرآباد ۔ 20 جولائی (سیاست نیوز) ملک میں منکی پاکس کے کیسیس کے اندراج کے بعد تلنگانہ حکومت نے احتیاطی اقدامات کرتے ہوئے شہر کے نلہ کنٹہ میں واقع فیور ہاسپٹل میں 36 بیڈس کو منکی پاکس کے آئسولیشن وارڈس میں تبدیل کردیا اور فیور ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کے شنکر کو نوڈل آفیسر مقرر کردیا۔ ملک میں نکی پاکس نے دو کیسیس درج ہونے اور مرکزی محکمہ صحت کی جانب سے رہنمایانہ خطوط کی اجرائی کے بعد ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کیا اور احتیاطی اقدامات کی حکمت عملی تیار کی۔ اضلاع میں ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسرس کو الرٹ جاری کیا گیا۔ ساتھ ہی فیور ہاسپٹل میں 36 خصوصی بیڈس کا انتظام کیا گیا ہے۔ نوڈل آفیسر و سپرنٹنڈنٹ فیور ہاسپٹل ڈاکٹر کے شنکر نے بتایا کہ منکی پاکس پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ بیرونی ممالک سے حیدرآباد پہنچنے والے مسافرین میں علامتیں پائی جاتی ہیں تو انہیں یرپورٹ سے فیور ہاسپٹل منتقل کیا جائے گا۔ بعدازاں ڈاکٹرس کے مشورہ پر مشتبہ افراد سے بلڈ، یورین، کنلی سینس (پانی) حلق سے نمونے حاصل کرتے ہوئے جانچ کیلئے گاندھی ہاسپٹل روانہ کئے جائیں گے۔ نتائج میں کوئی شکوک پائے گئے تو دوبارہ نمونے حاصل کرتے ہوئے پونہ کو روانہ کئے جائیں گے۔ن