فی لاکھ آبادی میں کورونا مریضوں کا تناسب ہندوستان میں سب سے کم

   

نئی دہلی۔ ملک میں آبادی کی کثرت کے باوجود فی لاکھ کورونا وائرس ’کووڈ 19 ‘کے معاملوں کی تعداد دنیا کے اوسط سے بہت کم ہے ۔ دنیا میں اوسطاً فی لاکھ کوروناوائرس کے 114.67 معاملے ہیں لیکن ہندوستان میں یہ تعداد فی لاکھ 30.04 ہے ۔عالمی ادارہ صحت کی 153 ویں اسٹیٹس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ تعداد امریکہ میں 671.24، جرمنی میں 583.88، اسپین میں 526.22 اور برازیل میں 489.42 معاملے فی لاکھ ہیں۔ مرکزی حکومت نے اس بیماری کی ابتداء ہی میں اپنی حکمت عملی کے تحت تمام ریاستوں اور مرکزکے زیر انتظام علاقوں میں کورونا کی روک تھام، کنٹیمنٹ اور انتظام کی ایک مضبوط پالیسی تشکیل دی تھی۔ ملک میں اب تک کورونا وائرس کے 237195 مریضوں کا علاج ہوچکا ہے اور گزشتہ 24گھنٹے کے دوران 9440مریض صحتیاب ہوگئے ہیں اور ان کے ساتھ ہی ملک میں مریضوں کی شفایابی کی شرح 55.77 فیصد ہوگئی ہے ۔ فی الحال کورونا وائرس کے ایک لاکھ 74,384 مریض زیرعلاج ہیں اور صحت یاب ہونے والے مریضوں اور کورونا وائرس کے نئے مریضوں کی تعداد کے درمیان فرق بڑھتا جارہا ہے ۔ اس وقت ملک میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد زیر علاج مریضوں کی بہ نسبت 62,808 زیادہ ہے ۔کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے ملک میں صحت کے انفراسٹرکچر میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے ۔سرکاری لیبارٹریوں کی تعداد بڑھ کر 723 اور نجی لیبارٹریوں کی تعداد 262 ہوگئی ہے ، جن کی مجموعی تعداد 985 ہے ۔گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ایک لاکھ 43,267 نمونوں کی جانچ کی گئی اور اب تک کل 69,50,493 نمونوں کی جانچ کی جاچکی ہے ۔