قاری قرآن سب سے بڑا عابد، تحریک اسلامی کا جلسہ دستاربندی حفاظ

   

مفتی سید صغیر احمد نقشبندی و امیر تحریک اسلامی کا خطاب

حیدرآباد /12 مارچ ( راست ) بد دین اور بگڑی ہوئی قوموں کو حق شناس بنانے اور گمراہی سے راہ راست پر لانے کیلئے اللہ رب العزت نے اپنے مقرب پیغمبروں کو دنیا میں مبعوث فرماتا رہا اور انہیں کتابوں اور صحیفوں سے نوازتا رہا ۔ سب سے آخر اپنے حبیب خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفی ﷺ کو دنیا میں مبعوث فرمایا اور ان پر آخری آسمانی کتاب قرآن مجید نازل فرماتے ہوئے نبوت کا سلسلہ ہمیشہ کیلئے ختم کردیا ۔ خاتم النبین کالافانی معجزہ قرآن مجید اب رہتی دنیا تک لوگوں کیلئے ہدایت کا ایسا مینارہ نور ہے جس کی روشنی صبح قیامت تک لوگوں کو اندھیریوں سے اجالوں کی طرف لاتی رہے گی ۔ ظلم و صنم پرستی سے حق اور وحدانیت کی طرف پھیرتی رہے گی ۔کتاب اللہ میں کسی حرف کی تبدیلی ناممکن ہے ۔ کیونکہ اس کی حفاظت کا ذمہ خود خالق کائنات نے اپنے ذمہ لیاہے ۔ ان خیالات کا اظہار دارالعلوم برکات الحرمین سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقدہ جلسہ دستار بندی حفاظ و تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ مفتی سید صغیر احمد نقشبندی نے کیا ۔ اس سال اقامتی اداراہ دارالعلوم برکات الحرمین سے سات طلباء نے حفظ قرآن مکمل کیا جن کی دستاربندی کی گئی اور اسناد سے نوازا گیا ۔ مزید فرمایا کہ ہر دور میں سماجی برتری کے قائل ناعاقبت اندیش گروہ نے اس آسمان لافانی کتاب کی مخالفت کی ۔ لیکن اللہ کے نیک اور منتخب بندوں نے نہ صرف اس کتاب کو حفظ کیا بلکہ اس کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے پیغام قرآن کو لوگوں میں عام کیا اور اس کتاب کے ذریعہ ظلم کی اندھیریوں میں بھٹکی ہوئی بڑی خلقت کو راہ حق پر لایا اور توحید کا متوالہ بنایا ۔