نئی دہلی :مرکزی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جئے شنکر نے قطر میں حراست میں لیے گئے 8 ہندوستانیوں کے ارکان خاندان سے ملاقات کی۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ کے ذریعہ جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ اس بات پر زور دیا گیا کہ حکومت اس معاملے کو بہت اہمیت دیتی ہے اور ان افراد کے خاندانوںکی فکروں اور درد کو پوری طرح سے سمجھتی ہے۔ حکومت ان کی رہائی کو یقینی بنانے کے لیے سبھی کوششیں جاری رکھے گی۔ اس سلسلے میں حکومت سبھی کنبوں کے ساتھ قریبی رابطہ بنائے گی۔واضح رہے کہ قطر میں جن 8 ہندوستانیوں کو حراست میں لیا گیا ہے وہ ہندوستانی بحریہ کے سابق اہلکار ہیں۔ سبھی کو جاسوسی کے الزام میں گزشتہ سال حراست میں لیا گیا تھا اور حال ہی میں سزائے موت سنائی گئی ہے۔ اس سے حکومت ہند حیران ہے اور اس معاملے میں متاثرین کے خاندانوں اور قانونی ماہرین کے ساتھ مشورہ کر رہی ہے۔اس درمیان متاثرین کے خاندان والے چاہتے ہیں کہ وزیر اعظم نریندر مودی معاملے میں مداخلت کریں۔ اس کے علاوہ یونائٹیڈ فرنٹ آف ایکس سروس مین کے ایڈوائزر میجر جنرل (ریٹائرڈ) ستبیر سنگھ نے وزیر اعظم مودی کو خط بھی لکھا ہے۔ ساتھ ہی ستبیر سنگھ نے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جن افسران کو موت کی سزا سنائی گئی ہے ان میں کیپٹن نوتیج سنگھ گل، کیپٹن سورو وشسٹھ، کیپٹن ویریندر کمار ورما، کمانڈر پورنیندو تیواری، کمانڈر سگنکر پاکلا، کمانڈر سنجیو گپتا، کمانڈر امت ناگپال اور ناوِک راگیش شامل ہیں۔قطر میں ہندوستان کے سابق بحریہ کے 8عہدیداروں کو اسرائیل کیلئے جاسوسی کرنے کے الزام کے بعد پھانسی کی سزا سنائی گئی ہے جس پر ہندوستان نے حیرت کا اظہار کیا ہے۔