قطر ‘2032 اولمپکس کی میزبانی کا دعوی پیش کریگا

   


دوحہ ۔ قطر نے 2032 کے اولمپکس کی میزبانی کا دعوی پیش کرنے کا اپنا ارادہ برقرار رکھا ہے جبکہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی جانب سے یہ موقع برسبین کو دینے کا اشارہ دیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں قطعی مراحل کی بات چیت بھی کی جا رہی ہے ۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے اپنے نئے اور مزید لچکدار طریقہ کار کو اختیار کرتے ہوئے گذشتہ ہفتے ہی کہا تھا کہ 2032 اولمپکس کیلئے اس کے خیال میں آسٹریلیائی ساحلی شہر برسبین زیادہ موزوں دکھائی دیتا ہے ۔ ان گیمس کے انعقاد کی میزبانی کیلئے قطر کے دارالحکومت دوحہ اور ہنگری کے شہر بڈاپیسٹ نے بھی دلچسپی دکھائی تھی اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے اشاروں پر دونوں نے حیرت کا اظہار بھی کیا تھا ۔ قطر اولمپک کمیٹی نے کل کہا کہ وہ 2032 اولمپکس کے انعقاد کی اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور اس کیلئے بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کی مقرر کردہ کمیٹی کے ارکان سے مشاورت اور مذاکرات کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ قطر کا کہنا ہے کہ وہ اس سلسلہ میں دوسرے دعویدار ممالک سے بھی رابطہ کرنے سے گریز نہیں کرینگے ۔ قطر نے اس سے قبل بھی دو مرتبہ اس میمبانی کی کوشش کی تھی لیکن وہ کامیاب نہیں ہوسکی ۔ کہا جا رہا ہے کہ بین الاقوامی اولمپک کمیٹی جولائی ۔ اگسٹ کے دوران یہ کھیل منعقد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور ان ایام میں قطر میں شدت کی گرمی ہوا کرتی تھی ۔ قطری اولمپک لیڈر شیخ جون بن حماد بن خلیفہ الثانی نے ایک بیان میں کہا کہ سابق میں دو مواقع پر ہم نے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے عذر کو قبول کیا تھا تاہم اب ہمارے خیال میں ہم ان گیمس کے زیادہ بہتر اور پرسکون انعقاد کے موقف میں ہیں اور عالمی معیار کے کھیل منعقد کرسکتے ہیں۔ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے برسبین کو قطعیت دینے یا پھر بولیوں کا عمل جاری رکھنے کی ابھی کوئی قطعی تاریخ طئے نہیں کی ہے ۔قطر نے 2019 میں ٹریک اینڈ فیلڈ مقابلوں کی میزبانی بھی انجام دی تھی ۔