واشنگٹن : قدرت کے حسین نظاروں میں سے ایک نظارہ قوسِ قزح کا ہے جس کا مظہر ہم بارش کے بعد آسمان پر کرتے ہیں لیکن کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ زمین سے نظر آنے والی یہ دھنک کہاں سے نمودار ہوتی ہے اور کہاں تک جاتی ہے؟ امریکی سماجی رابطوں کی سائٹ ریڈیٹ پر ایک صارف کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں اس سوال کا جواب دیا گیا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چند منچلے قوسِ قزح کی حقیقت جاننے کے لیے پیراشوٹ کے ذریعہ اُڑان بھرتے ہوئے سات رنگوں کی اس دھار سے اوپر پہنچ جاتے ہیں۔ قوس قزح سے اوپر پہنچنے پر ان پر یہ حقیقت عیاں ہوتی ہے کہ یہ آدھا یا نیم دائرے کی صورت میں نہیں بلکہ ایک مکمل دائرے کی صورت میں نمودار ہوتا ہے لیکن اس کا حلقہ اس قدر بڑا ہوتا ہے کہ زمین سے دیکھنے پر ہمیں یہ آدھے یا نیم دائرے کی صورت میں نظر آتا ہے۔