ملک کی 21ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں سے 80طلبہ کا انتخاب : کمیشن جنرل سکریٹری بھرت لال
نئی دہلی، 14 مئی (یو این آئی) نوجوان نسل میں انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے بارے میں جامع سمجھ بوجھ کو بڑھانے کے مقصد سے ، قومی انسانی حقوق کمیشن (این ایچ آر سی) جمعرات سے ملک کے دور دراز علاقوں کے طلباء کے لئے اس موضوع پر ایک ‘آن لائن مختصر مدتی تربیتی پروگرام’ شروع کرنے جا رہا ہے ۔انسانی حقوق کمیشن نے چہارشنبہ کو جاری کردہ ایک ریلیز میں کہا کہ یہ تربیتی پروگرام دو ہفتے تک جاری رہے گا۔ اس میں 21 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے 80 طلباء کو منتخب کیا گیا ہے ۔ اس کے لیے پورے ملک سے 1,795 درخواستیں موصول ہوئیں۔ کمیشن کے سیکرٹری جنرل نے آج تربیتی پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کیا اور تفصیلی پروگرام کل سے شروع ہوگا۔ ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پروگرام کا مقصد ملک میں انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے بارے میں ایک جامع تفہیم فراہم کرنا ہے ۔ مزید برآں، طلباء انٹرایکٹو سیشنز اور سرگرمیوں کے ذریعے بین الاقوامی اور ملک کے لحاظ سے انسانی حقوق اور وکالت کی حکمت عملیوں کی سمجھ پیدا کریں گے ۔پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے کمیشن کے سکریٹری جنرل بھرت لال نے طلباء سے درخواست کی کہ وہ انصاف، مساوات اور وقار کے سفیر کے طور پر کام کریں اور کہا کہ یہ ہندوستان کی ہمدردی کی اخلاقیات کا لازمی جزو ہے ۔مسٹر لال نے کہاکہنوجوان ہندوستان کی ثقافت، ہمدردی اور انصاف کے پانچ ہزار سال پرانے تہذیبی جذبے کے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے طلباء کو ملک کے قانونی فریم ورک کو سمجھنے اور سب کے انسانی حقوق اور وقار کا احترام کرنے کے لیے تربیت میں شامل ہونے کی ترغیب دی۔جنرل سکریٹری نے کہا کہ آن لائن ٹریننگ پروگرام دور دراز علاقوں کے ان طلباء کے لئے ہے جو دہلی نہیں آ سکتے اور یہاں نہیں رہ سکتے ۔ انہیں انسانی حقوق کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں سکھایا جانا ہے ۔انہوں نے طلباء سے اپیل کی کہ وہ اس موقع کابھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے خود کو تیار کریں۔ کمیشن کے جوائنٹ سکریٹری سمیر کمار نے تربیتی پروگرام اور تیار کردہ نصاب کا مختصر جائزہ پیش کیا۔ اس میں لیکچرز، ٹیم اور انفرادی مقابلے جیسے گروپ ریسرچ پروجیکٹ پریزنٹیشن، کتابوں کے جائزے ، تقریری مقابلے اور تہاڑ جیل جیسے اداروں کے ورچوئل دورے شامل ہیں، جو انسانی حقوق کی حقیقتوں کے بارے میں راست معلومات فراہم کرتے ہیں۔ لیفٹیننٹ کرنل وریندر سنگھ اس پروگرام کے کورس کوآرڈینیٹر ہیں۔