قومی صحت کی فہرست میں ریاست تلنگانہ کو تیسرا مقام

   


نیتی آیوگ کی رپورٹ پر وزیر صحت ٹی ہریش راؤ کا اظہار مسرت
حیدرآباد۔/22ستمبر، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے قومی صحت کی فہرست میں ریاست تلنگانہ کو سارے ملک میں تیسرا مقام حاصل ہونے پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ ریاست کی تشکیل کے بعد پرائمری ہیلت سنٹرس سے ریاستی سطح کے سرکاری ہاسپٹلس کی ترقی ، بنیادی سہولتوں کی فراہمی ، جدید ٹکنالوجی کے استعمال اور بہتر سے بہتر طبی خدمات فراہم کرنے کی وجہ سے سرکاری ہاسپٹلس پر عوام کا اعتماد بڑھا ہے جس کی وجہ سے سارے ملک میں تلنگانہ کو تیسرا مقام حاصل ہوا ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ سرکاری ہاسپٹلس میں غریب عوام کیلئے مختلف معائنے مفت کئے جارہے ہیں اور عوام کوتمام طبی خدمات مفت دستیاب ہورہی ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھرر اؤ عوام کو معیاری طبی خدمات فراہم کرنے کے حق میں ہیں اور محکمہ صحت چیف منسٹر کے سی آر کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے دن رات کام کررہا ہے۔بالخصوص خواتین اور بچوں کی صحت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے جس کے مثبت نتائج بھی برآمد ہورہے ہیں۔ متحدہ آندھرا پردیش میں زچگی کی شرح اموات ( ایم ایم آر ) 92 فیصد تھی جو اب گھٹ کر 56 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ بچوں کی شرح اموات ( آئی ایم آر )39 فیصد سے گھٹ کر 21 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ پانچ سال سے کم عمر بچوں کی شرح اموات ( یو ایس ایم آر ) 41 فیصد سے گھٹ کر 30 فیصد تک پہنچ گئی۔ نو زائیدہ اموات کی شرح ( این ایم آر ) 25 فیصد سے گھٹ کر 17 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ نیتی آیوگ کی جانب سے جاری کردہ صحت سے متعلق فہرست میں کیرالا کو سر فہرست اور ٹاملناڈو کو دوسرا مقام حاصل ہے جبکہ اس فہرست میں ریاست تلنگانہ تیسرے مقام پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کٹ کے ذریعہ سال2017 سے ابھی تک 13,29,951 افراد نے استفادہ کیا ہے۔ 1176 کروڑ روپئے ڈی بی ٹی کے ذریعہ استفادہ کنندگان کے بینک کھاتوں میں حکومت نے جمع کیا ہے۔ 102 ریفرل ٹرانسپورٹ کے ذریعہ41 لاکھ حاملہ خواتین کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ ہر بچہ صحتمند جنم لے رہا ہے۔ یونیورسل ایمونائزیشن پروگرام کے تحت ریاست میں 99 فیصد نشانہ کو عبور کیا گیا ہے۔ ریاست میں فی الحال 35 خصوصی نوزائیدہ کیر یونسٹس (SNCU’S) کام کررہے ہیں۔ لیبررومس کے قریب یہ یونٹس قائم کئے گئے ہیں جہاں بیمار نوزائیدہ بچوں کی خصوصی دیکھ بھال کی جارہی ہے۔ شہر کے غریب عوام کو معیاری طبی خدمات کی فراہمی کیلئے جی ایچ ایم سی کے حدود میں 259 بستی دواخانے قائم کئے گئے ہیں یعنی دواخانوں میں 195 اقسام کی ادویات اور 57 اقسام کے ٹسٹ دستیاب ہیں۔ن