قومی متبادل کی تیاری میں کے سی آر کو پرشانت کشور کا مکمل تعاون

   

ٹی آر ایس قیادت کو یقین، نوجوان ووٹرس پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد۔4۔ مئی (سیاست نیوز) انتخابی حکمت عملی کے ماہر پرشانت کشور کی جانب سے نئی سیاسی پارٹی کے قیام کے اشارہ کے باوجود ٹی آر ایس قیادت مطمئن ہے کہ قومی سطح پر متبادل کی تیاری میں پرشانت کشور کا تعاون حاصل رہے گا۔پرشانت کشور کے ادارہ آئی پیاک سے ٹی آر ایس میں انتخابی تیاریوں کے سلسلہ میں گزشتہ دنوں معاہدہ کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ پرشانت کشور بہار کی سیاست میں سرگرم حصہ لینے کے مقصد سے نئی سیاسی جماعت قائم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ اس سلسلہ میں بہار کے قائدین سے مشاورت کا آغاز ہوچکا ہے۔ پرشانت کشور کی نئی پارٹی کے قیام کی صورت میں ٹی آر ایس کے ساتھ تعلقات ختم ہونے کے اندیشوں کو مسترد کرتے ہوئے ٹی آر ایس کی سینئر قیادت نے کہا کہ کے سی آر نے قومی سطح پر متبادل کی تیاری میں پرشانت کشور سے مدد لیں گے ۔ پرشانت کشور نے قومی ایجنڈہ کی تیاری میں تعاون کا وعدہ کیا ہے۔ کے سی آر نے پلینری سیشن سے خطاب کرتے ہوئے قومی سطح پر متبادل کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا اعلان کیا۔ ذرائع کے مطابق کے سی آر اور پرشانت کشور قومی ایجنڈہ کی تیاری کیلئے باہم ایک دوسرے سے تعاون کرسکتے ہیں۔ پرشانت کشور اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں اگرچہ مکمل وقت نہ دے سکیں لیکن ان کی ٹیم تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی مدد کیلئے بدستور کام کرے گی ۔ پرشانت کشور کی ٹیم نے سوشیل میڈیا کے ذریعہ نوجوانوں تک بہتر انداز میں رسائی حاصل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ٹی آر ایس کے ایک سینئر قائد نے کہا کہ ہمیں پرشانت کشور کے منصوبہ کے اعلان کا انتظار ہے ۔ پرشانت کشور قومی سطح پر کے سی آر کے ساتھ رہیں گے جبکہ علاقائی طور پر ان کی دلچسپی بہار تک محدود ہے۔ واضح رہے کہ کانگریس پارٹی نے پرشانت کشور کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی تھی جسے انہوں نے قبول نہیں کیا۔ ر