قوم کی ترقی کیلئے باصلاحیت قیادت ضروری

   

کمپیوٹر کورسس سے استفادہ کی اپیل ، طاہر بن حمدان کی سیاست نیوز سے بات چیت
نرمل ۔2 مئی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ترقی کی پہلی سیڑھی عوام کے ساتھ براہ راست تعلق ہے ۔ لیڈر کو عوام کے جذبات اور اُن کی ضروریات کا علم ہونا چاہئے ۔ ایک اچھا لیڈر صرف موجودہ مسائل کو نہیں دیکھتا بلکہ مستقبل کے چیلنجز کا اندازہ لگاکر پالیسیاں بناتا ہے اور عوام کی خدمت ملک کی بہتری ، ریاست کی ترقی اور نظریاتی استحکام کیلئے کوشاں رہتا ہے ۔ تاریخ گواہ ہے کہ جس قوموں کو مخلص اور باصلاحیت قیادت ملی انھوں نے ترقی کی منازل تیزی سے طئے کی ہیں، ان خیالات کا اظہار ریاست تلنگانہ کے صدرنشین اُردو اکیڈیمی مسٹر طاہر بن حمدان جو نرمل ضلع کے پارٹی کنوینر ہیں نے مقامی دفتر سیاست نرمل میں سید جلیل ازہر سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انھوں نے اقلیتی طلباء کیلئے اس بات کو خوشخبری سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ اُردو اکیڈیمی کی جانب سے ووکیشنل ٹریننگ ان کمپیوٹر ایجوکیشن کے تحت چلائے جانے والے کمپیوٹر کورس DTP کے سلسلہ میں اہلیتی امتحان 17 مئی 2026 ء کو منعقد کئے جارہے ہیں ۔ 2 مئی سے تلنگانہ اُردو اکیڈیمی کے کمپیوٹر ٹریننگ سنٹرس پر صبح 10 تا 5 بجے تک فارمس حاصل کرنے کی سہولت ہے ۔ مزید تفصیلات کیلئے اسسٹنٹ ڈائرکٹر و سکریٹری مسٹر کرشنا سے اس نمبر پر ربط پیدا کریں۔ 040-23237810 ریاست کے تمام اضلاع جہاں جہاں بھی سنٹرس قائم ہیں وہاں داخلہ دیئے جائیں گے ۔ طلبہ جن کی عمر 30 سال سے کم ہو داخلہ لے سکتے ہیں ۔ تعلیم دسویں جماعت کامیاب ہونا ضروری ہے ۔ چیف منسٹر اقلیتوں کی ترقی کیلئے کافی سنجیدہ ہے ۔ جناب طاہر بن حمدان نے کہاکہ کمپیوٹر سنٹرس کی تفصیل اس طرح ہے شہر میں خلوت ، شاہ علی بنڈہ، مغل پورہ ، حافظ بابا نگر ، نلگنڈہ ، عنبرپیٹ ، ساؤتھ لالہ گوڑہ ، نامپلی، سنتوش نگر ، بورہ بنڈہ ، کاماریڈی ، کریم نگر ، ورنگل ، بودھن ، میدک ، جگتیال ، کورٹلہ ، مٹ پلی ، محبوب نگر ، نارائن پیٹ ، نرمل ، بھینسہ ، سدی پیٹ ، ہنمکنڈہ ، نظام آباد ، وقاراباد ، سنگاریڈی ،ظہیرآباد ، سوریا پیٹ ، دھرماپوری ، پداپلی ، کھمم کے تمام اُردو اکیڈیمی کے سنٹرس پر اس ٹریننگ کیلئے درخواستیں دی جاسکتی ہیں۔ ہر سنٹر پر فارمس دستیاب ہیں۔ جو طلبہ ماضی میں تلنگانہ اُردو کمپیوٹر ٹریننگ سنٹر سے ٹریننگ لے چکے ہیں وہ اس کے اہل نہیں ہوں گے ۔ اُردو زبان کو ڈیجیٹل دنیا سے جوڑنے کی یہ ایک عملی کوشش ہے ۔ انھوں نے کہاکہ طلباء اس سنہری موقع سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے اس مفت کورس میں ضرور حصہ لیں اور روشن مستقبل کے لئے خود کو تیار کریں۔ اس لئے کے قدرت نے ہم سب کو ہیرا بھی بنایا ہے بس شرط یہ ہے جو گھسے گا وہی چکے گا ۔