جمیعت القریش کی جانب سے کتابوں کی تقسیم، صدرنشین محمد سلیم کا خطاب
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جولائی (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی اور صدر جمیعت القریش حیدرآباد جناب محمد سلیم نے کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی میں تعلیم کا اہم رول ہوتا ہے۔ مسلمانوں میں تعلیمی پسماندگی کے خاتمہ کیلئے ہر کسی کو توجہ دینی چاہئے ۔ جناب محمد سلیم جمیعت القریش کی جانب سے چلائے جانے والی اسکولی طلبہ میں نوٹ بکس اور ٹیکسٹ بکس کی تقسیم کے موقع پر مخاطب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی بہتر تعلیم کے ذریعہ ممکن ہے ۔ جمیعت القریش نے غریب طلبہ کے لئے معیاری تعلیم کا انتظام کیا ہے جہاں کتابیں مفت تقسیم کی جاتی ہے اور تعلیمی وظائف جاری کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں حصول تعلیم کو غیر معمولی اہمیت دی گئی ہے اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر پہلی وحی تعلیم سے متعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر کے ذریعہ قوم میں ذمہ دار شہریوں کو تیار کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ محنت اور لگن سے تعلیم حاصل کرتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کریں ۔ انہوں نے بتایا کہ غریب طلبہ کیلئے تعلیمی وظائف کی اجرائی کے نتیجہ میں طلبہ کو تعلیمی ضرورتوں کی تکمیل میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ جمیعت القریش کی جانب سے کئی فلاحی کام انجام دیئے جارہے ہیں۔ محمد سلیم نے کہا کہ تعلیمی شعبہ کے علاوہ غریب خاندانوں کی مدد کے لئے اسکیم تیار کی جائے گی۔ انہوں نے شادی بیاہ اور دیگر تقاریب کے موقع پر اسراف سے بچنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اسراف ترک کرتے ہوئے غریب خاندانوں کی لڑکیوں کی شادی کا انتظام کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے شادی کے موقع پر سادگی اختیار کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ وقف بورڈ کی جانب سے اس سلسلہ میں باقاعدہ مہم چلائی گئی تھی۔ ر