قوم کے قیمتی اثاثے برائے فروخت : راہول

,

   

نئی دہلی : مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتارامن کی جانب سے مودی حکومت کے چار سالہ نیشنل مونیٹائزیشن پائپ لائن (این ایم پی) منصوبہ مالیتی 6 لاکھ کروڑ روپئے کے اعلان کے ایک روز بعد سابق صدر کانگریس راہول گاندھی نے وزیراعظم مودی پر الزام عائد کیاکہ وہ گزشتہ 70 سال میں کانگریس پارٹی کے فروغ دیئے گئے قیمتی اثاثوں کو فروخت کردینے کی اسکیمات پیش کرتے جارہے ہیں۔ راہول نے استدلال پیش کیاکہ کانگریس پرائیویٹائزیشن کی مخالف نہیں ہے لیکن سارا این ایم پی کچھ اِس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ مونوپولی (اجارہ داری) قائم کی جاسکے۔ سابق وزیر فینانس پی چدمبرم کے ساتھ پارٹی ہیڈکوارٹرس میں پریس کانفرنس سے خطاب میں راہول نے کہاکہ وزیراعظم اور بی جے پی کا کہنا ہے کہ کانگریس نے گزشتہ 70 سال میں کچھ نہیں کیا لیکن یہاں تو تمام قیمتی اثاثوں کی ایک فہرست پیش کی گئی ہے جسے کانگریس نے عوامی رقومات کو بروئے کار لاتے ہوئے فروغ دیا۔ اب وزیراعظم ملک کے اِن قیمتی اثاثوں کو فروخت کردینے کا عمل چلارہے ہیں۔ خانگیانے والے شعبوں کا ذکر کرتے ہوئے راہول نے کہاکہ انھیں فروخت کیا جارہا ہے اور کوئی بھی سمجھ سکتا ہے کہ کسے فروخت کیا جارہا ہے۔