قونصل جنرل ہند جدہ کی پریس کانفرنس ۔ حج کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے

   

حکومت ہند کی جانب سے دو رکنی اعلیٰ خصوصی ڈیلیگیشن کی جدہ آمد

جدہ ۔ 9 اپریل (عارف قریشی) قونصلیٹ جنرل آف انڈیا جدہ کے پریس روم میں پریس کانفرنس منعقد کی گئی جس میں قونصل جنرل ہند جدہ فہد احمد حان سعودی نے حکومت ہند کی جانب سے آئے ہوئے دو رکنی اعلیٰ خصوصی ڈیلیگیشن کا پریس والوں سے متعارف کروایا۔ قونصل جنرل ہند جدہ فہد احمد خان نے کہا کہ ہم نے 2026ء کے حج کے سارے انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ مکہ مکرمہ میں حرم شریف کے قریب حجاج کرام کیلئے رہائشی عمارتوں اور ہوٹلس کا انتظام کرلیا ہے۔ امسال مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے ایک لاکھ 22 ہزار 518 حجاج کرام حج کی سعادت حاصل کرنے مکہ مکرمہ آئیں گے جبکہ 52507 حجاج کرام پرائیویٹ ٹور آپریٹرس کے ذریعہ حج کا مقدس فریضہ ادا کرنے آئیں گے اور تقریباً 5000 خواتین محرم کے بغیر حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ قونصل جنرل نے مزید کہا کہ خواتین کیلئے علحدہ فلائٹس کا انتظام کیا گیا ہے اور حج کے دوران بھی خواتین کی خدمت کیلئے خواتین ہی کو مقرر کیا گیا ہے۔ قونصل جنرل نے بتایا کہ منیٰ کیمپ میں ہم نے اے سی اور کولر کے انتظامات کئے ہیں تاکہ عازمین حج ٹھنڈی ہوا میں آرام دہ ماحول میں سکون سے عبادت کرسکیں۔ عارف قریشی کے ایک سوال کے جواب میں قونصل جنرل نے کہا کہ تقریباً 350 میڈیکل ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف ادویات کے ساتھ بہت جلد جدہ پہنچ جائیں گے۔ شری رام سنگھ جوائنٹ سکریٹری حکومت ہند نے کہا کہ ہمارا یہ دورہ حکومت ہند کی جانب سے حج 2026ء کے انتظامات کا جائزہ لینا ہے کیونکہ حکومت ہند نے ہندوستانی حجاج کرام کیلئے بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قونصل جنرل اور ان کے اسٹاف کی جانب سے حجاج کرام کیلئے جو انتظامات کئے گئے ہیں وہ بہترین ہیں اور ہمارے لئے قابل اطمینان ہیں۔ ہم سعودی عرب کی حکومت اور ان کے اعلیٰ عہدیداروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ہمارے ہندوستانی حجاج کیلئے ہر طرح کی سہولت و آرام و سکون فراہم کیا۔ شری شنا واس چند رام کوزیل (سی ای او) حج کمیٹی آف انڈیا نے کہا کہ 18 اپریل 2026ء کو عازمین حج کی پہلی فلائٹ مدینہ منورہ کے ایرپورٹ پہنچ گئی اور یہ سلسلہ 20 مئی تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی حجاج کرام کیلئے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ہاسپٹل اور ڈسپنسری کا انتظام کیا گیا ہے جہاں 24 گھنٹے ہمارے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف موجود رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سعودی عرب کی جانب سے (حرمین ٹرین) کا انتظام کیا گیا ہے جو مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کیلئے چلتی ہے جس کی وجہ سے حجاج کرام کا سفر بہت آسان اور آرام دہ ہوگیا ہے۔ قونصل جنرل ہند جدہ برائے سعودی عرب عزت مآب فہد احمد خان نے حجاج کرام سے گذارش کی کہ وہ اچھی صحت اور تندرستی کے ساتھ حج کی سعادت حاصل کرنے آئیں اور حج کے دوران سعودی عرب کے قانون کا احترام کرتے ہوئے مناسک حج ادا کریں اور عازمین حج ایک دوسرے کا احترام کریں اور ایک دوسرے سے تعاون کریں۔ اس پریس کانفرنس میں قونصل حج مسز صدف چودھری، قونصل کرنل امام مہدی حسین کے علاوہ قونصلٹ کے دوسرے عہدیداروں نے شرکت کی۔ سیاست نیوز حیدرآباد، عرب نیوز جدہ، سعودی گزٹ جدہ کے علاوہ ملیالم نیوز کے صحافیوں نے بھی شرکت کی۔I/H