قیادت کی کامیابی میں سبھی کا رول : رہانے

   

برسبین : ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی ناقابل یقین فتوحات کے ساتھ قیادت کرنے والے کارگزار کپتان اجنکیا رہانے نے اپنی اس کامیابی کا سہرا ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے سر باندھا ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف 4 ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں پہلے مقابلے میں شکست کے بعد کپتان ویراٹ کوہلی بیٹی کی پیدائش کیلئے وطن واپس لوٹ گئے تھے جس کے بعد رہانے نے ٹیم کی باگ ڈور سنبھالی اور سیریز کے باقی 3 ٹسٹ مقابلوں میں دو فتوحات اور ایک ڈرا درج کیا۔ اس کامیابی پر اظہارخیال کرتے ہوئے رہانے نے کہا کہ ملک کی قیادت کرنا ایک اعزاز ہے اور اس کامیابی میں ہر کھلاڑی نے غیرمعمولی کردار ادا کیا ہے۔ رہانے کی قیادت کی اس وقت چاروں گوشوں سے ستائش کی جارہی ہے۔