لاک ڈاؤن ختم ۔ کورونا برقرار۔ احتیاط ضروری

,

   

تہوار کے موسم میں اپنی حفاظت آپ کریں ، ہمیشہ ماسک پہنیں ، کووڈ۔19 ویکسین کی تیاری کیلئے تمام کوششیں جاری

٭ ویکسین کوہر ہندوستانی تک پہنچایا جائے گا
٭ وزیراعظم نریندر مودی کا قوم سے خطاب

نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ویکسین کی تیاری تک ہرہندوستانی کو کورونا سے بچنے کی کوشش کرنا چاہئیے ۔ ویکسین کے بغیر کوئی بھی شخص خود کو محفوظ نہیں رکھ سکتا ۔ برسوں کے بعد پہلی مرتبہ انسانیت کو بچانے کیلئے جنگی بنیادوں پر کوششیں ہورہی ہیں ۔ ہمارے سائینسداں بھی ویکسین پر سخت محنت کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تہوار کے اس موسم میں شہریوں کو چاہئیے کہ احتیاط کریں، نہیں بھولنا چاہئیے کہ لاک ڈاؤن تو ختم ہوچکا ہے لیکن کورونا وائرس ختم نہیں ہوا ہے ۔ یہ وقت لاپرواہی کا نہیں ہے اور نہ ہی یہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ کورونا چلا گیا ہے اور خطرہ ٹل گیا ہے ۔ آئندہ چند ماہ ملک میں سلسلہ وار تہواروں کے پیش نظر انہوں نے قوم خطاب کرتے ہوئے عوام کو خبردار کیا کہ وہ کورونا کے بارے میں لاپرواہی نہ برتیں ۔ گزشتہ چند دنوں سے عوام میں ویڈیو گشت ہورہے ہیں ۔ ہندوستان کی فضاء میں ایک قسم کا خوف پایا جاتا ہے ۔ اس کے باوجود لوگ لاپرواہی کررہے ہیں ۔ آپ خود اپنے ارکان خاندان کو جوکھم میں ڈال رہے ہیں ۔ اپنے بچوں اور اپنے بڑوں کیلئے خطرہ بن رہے ہیں ۔ اس لئے لاپرواہی نہ کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے میں ہندوستان نے بہتر کام انجام دیئے ہیں ۔ دیگر کئی ممالک کے بہ نسبت ہندوستان پر کورونا میں قابو پانے میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ ہندوستان اپنی ذمہ داری سے ہرگز فرار نہیں ہوگا ۔ جب تک کورونا ویکسین تیار نہیں ہوجاتی کوئی بھی اس وباء سے محفوظ نہیں ہے ۔ حکومت کوئی بھی ویکسین تیار ہونے پر ہر ہندوستانی تک اس ویکسین کو پہونچانے کے منصوبہ کو تیار کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دوائی نہیں تو لاپرواہی بھی نہیں کرنا چاہئیے ۔ میں آپ کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ جیسے ہی ویکسین تیار ہوگی یہ ویکسین ہر ایک کو دی جائے گی ۔ مرحلہ وار طور پر ویکسین ہر ہندوستانی تک پہنچے گی ۔ اُس وقت تک عوام کو حددرجہ احتیاط کرنے کی ضرورت ہے ۔ عوام کی معمولی غیرذمہ داری سے بہت بڑہ خطرہ پیدا ہوسکتا ہے ۔ ہماری لاپرواہی سے نہ صرف ہم خود نقصان اٹھاسکتے ہیں بلکہ ہمارے اطراف رہنے والوں کو بھی نقصان پہونچاسکتے ہیں ۔ ہمیشہ ماسک پہنیں رکھیں ۔ دوگز کی دوری برقرار رکھیں ۔ پابندی سے اپنے ہاتھوں کو دھویا کریں ۔ سینیٹائزر کا استعمال کریں ۔ بلاوجہ گھروں سے باہر نہ نکلیں ۔ مارچ میں سختی سے لاک ڈاؤن کے نفاذ کے بعد وزیراعظم کا قوم سے یہ ساتواں خطاب ہے ۔ جون سے ملک بھر میں معیشت کو بہتر بنانے کیلئے مرحلہ وار طور پر پابندیاں ہٹالی گئیں ۔ جنتاکرفیو کے بعد سے ہم نے طویل سفر طئے کیا ہے ۔ ساری دنیا میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی شرح میں ہندوستان نے دوسرے ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا ۔ کووڈ۔19 سے اب تک ہندوستان کے اندر 76 لاکھ متاثر ہوئے ہیں ۔ لیکن پہلی مرتبہ ہے کہ تقریباً 3 ماہ بعد ایک دن میں متاثرین کی تعداد 50 ہزار سے کم ہوگئی ہے ۔