لاک ڈاؤن میں نرمی حکومت کی طرف سے ،وائرس کی طرف سے نہیں:ڈاکٹر رؤف

   

سری نگر 8جون (سیاست ڈاٹ کام ) کووڈ کنٹرول روم کشمیر میں پبلک ہیلتھ ماہر کی حیثیت سے تعینات ڈاکٹر رؤف حسین راتھر نے کہا ہے کہ کورونا لاک ڈاؤن میں وائرس کی طرف سے نہیں بلکہ حکومت کی طرف سے ڈھیل دی گئی ہے لہٰذا آنے والے دنوں میں وائرس کے پھیلنے کے زیادہ خطرات ہیں۔انہوں نے لوگوں سے مجبوری کے عالم میں ہی گھروں سے نکلنے اور نکلتے وقت تمام تر احتیاطی تدابیر پر مکمل طور پر عمل پیرا ہونے کی اپیل کی ہے ۔محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کی طرف سے جاری ایک ویڈیو میں موصوف ڈاکٹر نے کہا ہے : ‘حکومت کی طرف سے ڈھیل دینے کی صورت میں آنے والے دنوں میں وائرس پھیلنے کے زیادہ خطرات ہیں، یہ ڈھیل حکومت کی طرف سے دی گئی ہے وائرس کی طرف سے نہیں’۔انہوں نے کہا کہ ڈھیل کے دوران بھی لوگوں کو مجبوری کے عالم میں ہی گھروں سے نکلنا چاہئے اور بچوں اور بزرگوں کو گھروں میں ہی رہنا چاہئے ۔ڈاکٹر رووف نے کہا کہ گھروں سے باہر نکلنے والوں کو تمام تر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہا:’لوگوں کو فیس ماسک لگائے بغیر گھروں سے باہر نہیں نکلنا چاہئے ، باہر ایک دوسرے سے سماجی دوری بنائے رکھنی چاہئے ، کسی ٹیبل، کھڑکی، دروازے کو ہاتھ نہیں لگانا چاہئے ، دن میں کم سے کم دو تین بار صابن سے ہاتھ دھونے چاہئے اور گھر واپس لوٹتے وقت پہلے ہاتھ صابن سے دھونے چاہئے بلکہ نہانا اور کپڑے بدلنا زیادہ بہتر رہے گا‘۔