لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کیلئے ڈی جی پی کی ہدایت

   

رچہ کنڈہ میں مختلف علاقوںکا دورہ، ملازم پولیس کی کارکردگی کی ستائش
حیدرآباد: ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری جاری رکھیں۔ انہوں نے رچہ کنڈہ کمشنریٹ کے تحت مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے لاک ڈاؤن کے نفاذ کا جائزہ لیا۔ ایل بی نگر ، ونستھلی پورم اور حیات نگر میں کمشنر رچہ کنڈہ مہیش بھاگوت کے ہمراہ ڈی جی پی نے دورہ کیا ۔ انہوں نے چیک پوسٹ پر تلاشی مہم کی نگرانی کی ۔ ڈی جی پی نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران غیر ضروری طور پر گھومنے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ان کی گاڑیوں کو ضبط کرلیا جائے گا ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ ناگزیر حالات کے بغیر نکلنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرحدی اضلاع کے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ای پاس کے بغیر دیگر ریاستوں کی گاڑیوں کو تلنگانہ میں داخلہ کی اجازت نہ دیں۔ اسی دوران ڈی ائی جی وی رنگناتھ نے نلگنڈہ ضلع میں لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری پر عہدیداروں کی ستائش کی ہے۔ انہوں نے سرحدی چیک پوسٹ کا دورہ کرتے ہوئے پولیس عہدیداروں سے ملاقات کی ۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ عوام کے تعاون سے لاک ڈاؤن پر عمل کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل اور دیگر ضرورتوں کیلئے رعایت دی جارہی ہے ۔ غیر ضروری گھومنے والے اور لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں پر مقدمات درج کرتے ہوئے عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔