لاک ڈاون یا نائیٹ کرفیو ؟ کیسوں کی تعداد اور محکمہ صحت کے مشورہ پر منحصر : کے ٹی آر

   

حیدرآباد /14 جنوری ( سیاست نیوز ) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات کے ٹی راما راؤ نے آج کہا کہ تلنگانہ میں نائیٹ کرفیو یا لاک ڈاون کا انحصار کورونا کے کیسوں کی تعداد اور محکمہ صحت کے عہدیداروں کے مشورہ پر ہوگا ۔ کے ٹی آر نے آج ٹوئیٹر پر شہریوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے اس خیال کا اظہار کیا ۔ دوران سوال جواب جب ایک شہری نے سوال کیا کہ ریاست میں کورونا کیسوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے حکومت نائیٹ کرفیو یا لاک ڈاون یا پھر کسی اور طرح کی تحدیدات پر غور تو نہیں کر رہی ہے کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ اس سب کا انحصار کورونا کیسوں کی تعداد پر ہوگا اور اس بات پر بھی ہوگا کہ محکمہ صحت کے عہدیدار حکومت کو کیا مشورہ دیتے ہیں۔ واضح رہے کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے 8 تا 16 جنوری ریاست بھر میں تعلیمی اداروں کو تعطیلات کا اعلان کردیا گیا ہے اور اسکولس و کالجس اور تعلمیی اداروں کی دوبارہ کشادگی پر غیر یقینی کیفیت ہے ۔ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران ریاست میں کورونا متاثرین کی تعداد دوگنی ہوگئی ہے ۔ کورونا متاثرین کی تعداد کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ اندیشے ظاہر کئے جا رہے ہیں کہ حکومت کی جانب سے سنکرانتی تہوار کے بعد نائیٹ کرفیو یا دوسری تحدیدات کا اعلان بھی کیا جاسکتا ہے ۔ تاہم آج کے ٹی راما راؤ نے یہ واضح کردیا کہ لاک ڈاون ‘ نائیٹ کرفیو یا دوسری تحدیدات کا انحصار کورونا کیسوں کی تعداد اور محکمہ صحت کے عہدیداروں کے مشورہ پر ہوگا ۔ واضح رہے کہ جمعرات کو تلنگانہ میں کورونا کے 2,707 کیس رپورٹ ہوئے تھے جن میں سب سے زیادہ کیس جی ایچ ایم سی حدود سے رپورٹ ہوئے تھے۔