لبنان میں جمعہ کی نماز مساجد میں ادا کرنے کی اجازت

,

   

بیروت۔21 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) لبنان میں 22 مئی سے جمعہ کی نماز مساجد میں ادا کرنے کا اعلان کیا گیا ہے تاہم دیگر نمازیں گھروں میں ہی ادا کرنا ہوں گی۔ تفصیلات کے مطابق لبنان میں محکمہ اسلامی اوقاف نے بیان میں کہا ہے کہ کورونا کی وبا سے متعلق صحت حکام کی رپورٹوں کی بنیاد پر فرض نمازیں مساجد میں ادا کرنے کی اجازت تدریجی طورپر دی جائے گی۔محکمہ اوقاف نے نمازیوں سے کہا ہے کہ وہ جمعے کی نماز ادا کرنے کے لیے مساجد آتے وقت صحت کے ضوابط کی پابندی کریں اوروضو گھر سے کر کے آئیں۔مسجد میں داخل ہونے سے قبل سینیٹائزنگ کا اہتمام کریں، دستانے پہنیں اور ماسک کا استعمال کریں۔ہر نمازی جانماز گھر سے لے کر آئے اور مسجد میں داخلے سے قبل درجہ حرارت چیک کرائے۔محکمہ اوقاف نے یہ بھی پابندی لگائی ہے کہ لاعلاج امراض اور کورونا کی علامتوں والے کسی بھی شخص کو جمعہ پڑھنے کے لیے مسجد میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔
اس کے علاوہ بوڑھوں کو بھی جمعے کی نماز کے لیے مسجد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔بیان کے مطابق خواتین اور بچوں پر جمعے کی نماز فرض نہیں اس لیے وہ سب گھروں میں ظہر کی 4 رکعت نماز ادا کریں۔محکمہ اوقاف نے مساجد کے تمام آئمہ سے کہا ہے کہ جمعے کا خطبہ دس منٹ سے زیادہ نہ دیں اورمسجد میں سماجی فاصلے کا اہتمام کیا جائے۔