دیر البالا (غزہ پٹی) : لبنان کے شمال مشرقی علاقہ میں واقع دیہاتوں پر اسرائیل کے فضائی حملوں میں اب تک کم از کم 52 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ لبنانی حکام نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔ بعلبیک کے گورنر بشیر خدر نے اطلاع دی ہے کہ لبنان کے شمال مشرقی حصے میں نو دیہات پر فضائی حملوں سے مرنے والوں کی تعداد 52 ہو گئی ہے۔ یہ لبنان کی نیشنل نیوز ایجنسی کی طرف سے پہلے بتائی گئی ہلاکتوں کی تعداد سے زیادہ ہے۔ لبنان کی سرکاری میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ اولک کے چھوٹے سے گاؤں میں اسرائیلی فضائی حملے میں چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس گاؤں میں انتہا پسند تنظیم حزب اللہ کو کافی حمایت حاصل ہے۔ اسرائیل نے حال ہی میں لبنان کے جنوبی مضافاتی علاقہ دہیے میں حزب اللہ کے اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے فضائی حملے کیے ہیں، حالانکہ یہاں حملے میں اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ نمائندگی کرنے والے لبنانی رکن پارلیمنٹ حسین حاج حسن نے کہا کہ اسرائیلی بمباری کی وجہ سے تقریباً 60 ہزار افراد پہلے ہی اپنے گھر چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں۔