لتا منگیشکر کی صحت میں بہتری

   

ممبئی : کورونا وائرس سے متاثر معروف گلوکارہ لتا منگیشکر کی حالت میں اب بہتری نظر آ رہی ہے ، اگرچہ انہیں اب بھی آئی سی یو میں ہی رہنا پڑے گا۔ڈاکٹروں نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔ ان کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں میں سے ایک ڈاکٹر پراتت صمدانی نے بتایا کہ 92 سالہ گلوکارہ کی صحت آہستہ آہستہ بہتر ہو رہی ہے تاہم وہ ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہی رہیں گی۔واضح رہے کہ ہلکی علامات کے ساتھ کورونا سے متاثر پائے جانے کے بعد انہیں منگل کو ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ بھارت رتن یافتہ لتا منگیشکر کو کورونا وائرس سے متاثر پائے جانے کے بعد یہاں کے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ اپنی آواز سے لوگوں کو مسحور کرنے والی لتا منگیشکر کو ہندوستان کی نائٹنگل کے نام سے بھی جانا جاتا ہے ۔لتا منگیشکر کو سال 2001 میں ہندوستان کے سب سے بڑے اعزاز بھارت رتن سے نوازا گیا تھا۔ اس کے ساتھ انہیں پدم بھوشن، پدم وبھوشن، دادا صاحب پھالکے ، کئی نیشنل فلم ایوارڈز سمیت متعدد ایوارڈز سے نوازا جا چکا ہے ۔