لندن میں طوفان ڈینس، سیلابی صورتحال ’’کیارا‘‘ سے کہیں زیادہ تباہ کن

   

لندن ۔16فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) ایسے وقت جب برطانیہ موسم سے تعطل کے دوسرے ویک اینڈ کی تیاری کر رہا ہے، ماہرین نے متنبہ کیا ہے کہ طوفان ڈینس ’’کیارا‘‘ کی آمدسے زیادہ تباہی کا سبب بن سکتا ہے۔ برطانیہ کے بیشتر حصوں میں موسم کی شدت سے متعلق وارننگز جاری کی گئی ہیں اور فورکاسٹرز نے کہا ہے کہ بعض مقامات پر بارشیں ایک ماہ تک جاری رہ سکتی ہیں۔ آرمی کو اضافی سپورٹ کے لئے کالڈرڈیل اور ویسٹ یارکشائر روڈ پر تعینات کر دیا گیا ہے۔ ریل اور فضائی مسافروں کو بھی تعطل کا سامنا ہے، برٹش ایئرویز اور ایزی جیٹ کی پروازیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ ماحولیاتی ایجنسی نے متنبہ کیا ہے کہ اس ویک اینڈ پر سیلابی صورت حال بدتر ہو سکتی ہے۔ ملک کے بیشتر حصوں میں ہفتہ کی سہ پہر سے اتوار کی شام تک بارشوں کیلئے امبر وارننگ اور تیز رفتار ہوائوں کیلئے یلو وارننگ جاری کی گئی ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ سیلاب سے زندگی، بجلی کی بندش اور ٹرانسپورٹ کے رابطوں کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ کالڈرڈیل کونسل نے کہا ہے کہ گزشتہ ویک اینڈز کی سیلابی صورت حال سے ہونے والی تباہی سے بحالی کے اقدامات میں مدد اور طوفان ڈینس سے نمٹنے میں مدد کیلئے فوجی جوان تعینات کر دیئے گئے ہیں۔ فوجی دستے لوگوں کو صورت حال سے پیشگی باخبر رکھنے کیلئے بھی استعمال کئے جائیں گے۔ کونسل لیڈر ٹم سوئفٹ نیکہا ہے کہ فوج کی موجودگی پہلے سے مشکلات کی شکار کمیونٹیز کو ریلیف فراہم کرے گی۔ ایزی جیٹ نے 234 ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل پروازیں منسوخ کر دی ہیں، جس کے نتیجے میں کم ازکم 40000 مسافر متاثر ہوئے ہیں۔ لندن کے گیٹ وک ایئرپورٹ سے تقریباً 150 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ برٹش ایئرویز نے ہفتہ کی سہ پہر سے اتوار کی شام تک کیلئے 40 روانگیاں گرائونڈ کر دی ہیں تاکہ بقیہ پروازوں کو معمول کے مطابق چلایا جا سکے۔