لندن ۔ 25 جولائی (ایجنسیز) لندن میں دریائے ٹیمز پر پولیس کی کشتی ویسٹ منسٹر پل سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے، جن میں سے 4 کی حالت تشویش ناک لیکن خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔ میٹرو پولیٹن پولیس کے مطابق حادثہ جمعہ کے روز پیش آیا، میرین پولیس یونٹ کی کشتی جنوب مغربی لندن کے علاقہ بیٹرسی میں دریا میں موجود ایک شخص کی اطلاع پر امدادی کارروائی کیلئے جا رہی تھی کہ ویسٹ منسٹر پل سے ٹکرا گئی۔ حادثہ کے بعد 3 اہلکار دریائے ٹیمز میں جاگرے تاہم انہیں فوری طور پر بحفاظت نکال لیا گیا، زخمی ہونے والے 5 اہلکاروں میں سے ایک کو ابتدائی علاج کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا جبکہ دیگر 4 زیرِ علاج ہیں۔ میٹرو پولیٹن پولیس کے کمانڈر نک جان نے بتایا ہے کہ زخمی اہلکاروں کی حالت جان لیوا نہیں، انہیں مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے امدادی کارروائی میں حصہ لینے والے دریا میں موجود افراد اور ہنگامی اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی بروقت کارروائی نے مزید جانی نقصان سے بچا لیا۔ پولیس کے مطابق حادثہ میں کوئی شہری زخمی نہیں ہوا اور واقعہ کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ سے قبل ایک نارنجی رنگ کی کشتی اور پولیس کی کشتی تیز رفتاری سے گزر رہی تھی، پولیس کی کشتی ممکنہ طور پر دوسری کشتی سے پیدا ہونے والی لہروں کی زد میں آ کر بے قابو ہو گئی اور پل سے ٹکرا گئی۔