لوک سبھا الیکشن میں رائے دہی کے فیصد میں اضافہ پر الیکشن کمیشن کی توجہ

   

چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج کا نوڈل آفیسرس کے ساتھ اجلاس، جمہوری نظام کا استحکام رائے دہی پر منحصر
حیدرآباد 14 مارچ (سیاست نیوز) لوک سبھا انتخابات میں رائے دہی کے فیصد میں اضافہ پر الیکشن کمیشن نے توجہ مرکوز کی ہے۔ تلنگانہ کے تمام اضلاع میں رائے دہندوں کی زیادہ سے زیادہ شمولیت اور خاص طور پر نئے ووٹرس میں شعور بیداری کے لئے مقرر کردہ نمائندوں کے ساتھ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے اجلاس منعقد کیا۔ جوائنٹ چیف الیکٹورل آفیسر سرفراز احمد اور دیگر عہدیدار اجلاس میں شریک تھے۔ الیکشن کمیشن نے رائے دہندوں کی بہتر شمولیت کو یقینی بنانے کے لئے 31 اضلاع میں شعور بیداری ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ الیکشن کمیشن کی اِس بات پر توجہ ہے کہ رائے دہی کی اہمیت و افادیت سے عوام کو واقف کرایا جائے تاکہ رائے دہی کے فیصد میں اضافہ ہو۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے عہدیداروں سے کہاکہ لوک سبھا چناؤ میں رائے دہی کے فیصد میں اضافہ بنیادی ترجیح ہونی چاہئے اور اِس سلسلہ میں ضلعی سطح پر حکمت عملی تیار کی جائے۔ انھوں نے فہرست رائے دہندگان میں شامل نئے رائے دہندوں پر توجہ مرکوز کرنے کا مشورہ دیا۔ ایک روزہ اجلاس میں شعور بیداری سے متعلق نوڈل آفیسرس کو لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں سے واقف کرایا گیا۔ وکاس راج نے کہاکہ گزشتہ انتخابات میں کئی حلقہ جات کا فیصد کافی کم رہا۔ جمہوری عمل میں رائے دہندوں کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لئے ہر کسی کو اپنا رول ادا کرنا چاہئے۔ وکاس راج نے سینئر سٹیزن، قبائیلی گروپس، معذورین اور دیگر مخصوص گروپس میں شعور بیداری کا مشورہ دیا۔ انھوں نے کہاکہ معذورین اور 85 سال سے زائد عمر کے ووٹرس کے لئے الیکشن کمیشن نے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے رہنمایانہ خطوط کے تحت ہر پولنگ اسٹیشن میں رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کی مساعی کی جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے عہدیداروں کی ٹیم عنقریب تلنگانہ کا دورہ کرتے ہوئے شعور بیداری مہم کا جائزہ لے گی۔ وکاس راج نے اُمید ظاہر کی کہ عہدیدار اپنے وسیع تجربہ کے تحت جمہوری نظام کے استحکام میں اہم رول ادا کریں گے۔ جوائنٹ چیف الیکٹورل آفیسر سرفراز احمد نے نوڈل آفیسرس کو اُن کی ذمہ داروں سے واقف کرایا ۔1

اور کہاکہ رائے دہی کے فیصد میں اضافہ صرف شعور بیداری سے ممکن ہے۔ 1