لوک سبھا انتخابات: دوسرے مرحلہ میں آج 88 حلقوں میں ووٹنگ

,

   

نئی دہلی:لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے میں جمعہ 26اپریل کو 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ایک علاقے سمیت 88 سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی۔ ووٹنگ صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک ہوگی۔کمیشن نے معذوروں اور 80 سال سے زائد عمر کے ووٹروں کے لیے گھر بیٹھے ووٹ ڈالنے کی سہولت بھی فراہم کی ہے ۔ شدید گرمی کے پیش نظر پولنگ اسٹیشنز پر پینے کے پانی اور شیڈ کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔19 اپریل کو پہلے مرحلے میں ٹرن آؤٹ 66 فیصد سے کچھ زیادہ تھا جو کہ 2019 کے اوسط ٹرن آؤٹ سے تین فیصد کم تھا۔ دوسرے مرحلے میں مدھیہ پردیش کی بیتول سیٹ پر انتخابات ہونا تھے لیکن بہوجن سماج پارٹی کے امیدوار کی موت کی وجہ سے اب اس سیٹ پر تیسرے مرحلے میں 7 مئی کو انتخابات کرائے جائیں گے ۔اٹھاسی نشستوں کیلئے کل 1206 امیدوار انتخابی میدان میں قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔ اس مرحلے میں کیرالا سے 20، کرناٹک سے 14، راجستھان سے 13، مہاراشٹرا اور اتر پردیش سے آٹھ، مدھیہ پردیش سے چھ، آسام اور بہار سے پانچ، چھتیس گڑھ اور مغربی بنگال اور جموں و کشمیر سے تین‘ تین سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی۔ جبکہ منی پور اور تریپورہ میں ایک‘ ایک سیٹ پر انتخابات ہوں گے ۔الیکشن کمیشن کے مطابق اس مرحلے کے لیے 89 جنرل مشاہدین ، 53 پولیس مشاہدین اور 109 ایکسپینڈیچر آبزرور تعینات کیے گئے ہیں۔دوسرے مرحلہ کی ہائی پروفائل سیٹوں پر جہاں کانگریس لیڈر راہول گاندھی اور ششی تھرور کی قسمت کا فیصلہ ہو گا وہیں تین مرکزی وزراء اور دو سابق وزرائے اعلیٰ کی ساکھ بھی داؤ پر لگی ہوئی ہے ۔ متھرا سیٹ سے ہیما مالنی اور میرٹھ سیٹ سے سیریل رامائن کا کردار ادا کرنے والے ارون گوول پر بھی سب کی نظریں ہیں۔ دوسرے مرحلہ کی رائے دہی کے دوران بعض ریاستوں میں شدید گری کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ سات مرحلوں میں کرائے جانے والے لوک سبھا انتخابات کے ووٹوں کی گنتی 4 جون کو ہوگی۔