لوک سبھا انتخابات میں کیا مجلس اور بی آر ایس میں اتحاد ہوگا ؟؟

   

سیاسی حلقوں اور عوام میں تجسس۔ کویتا اور اسد اویسی کے بیانات پر قیاس آرائیاں
حیدرآباد۔28 ۔ڈسمبر(سیاست نیوز) لوک سبھا انتخابات میں مجلس اتحادالمسلمین اور بھارت راشٹرسمیتی میں اتحاد ہوگا یا نہیں یہ سوال اب سیاسی حلقوں کے علاوہ عوام کے درمیان گشت کرنے لگا ہے۔ اسد الدین اویسی نے اس سلسلہ میں اخباری نمائندوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کیونکہ ابھی لوک سبھا انتخابات کے متعلق کچھ کہا نہیں جاسکتا اور صورتحال غیر یقینی ہے۔ اسدالدین اویسی نے رام مندر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے متعلق دعوت نامہ ملنے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور اگر انہیں دعوت دی بھی جاتی تو وہ اس جگہ نہیں جاتے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مندر ہی نہیں بلکہ اگر بابری مسجد کی جگہ رام مندر بنانے کے فیصلہ کے ساتھ متبادل جگہ نام نہاد مسجد کیلئے فراہم کی گئی ہے اس کی افتتاحی تقریب میں بھی وہ شرکت نہیں کریں گے۔ انہو ںنے بتایا کہ وہ جان بوجھ کر اسے نام نہاد مسجد کہہ رہے ہیں کیونکہ تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے ذمہ دار علماء نے یہ کہا ہے کہ اس جگہ نماز نہیں ہو گی جو مسجد کے عوض متبادل فراہم کی گئی ہے۔ ایم پی حیدرآباد نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ سے انہوں نے اختلاف کیا ہے اور وہ اپنے موقف پر برقرار ہیں اسی لئے عقیدہ کی بنیاد پر فیصلہ کی وہ موافقت نہیں کر سکتے۔ بیرسٹر اویسی نے لوک سبھا انتخابات میں بی آر ایس سے اتحاد کے سلسلہ میں جو موقف اختیار کیا ہے اس کے متعلق کہا جا رہاہے کہ ان کی جماعت نے ابھی اس پر کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے جبکہ گذشتہ ماہ اسمبلی انتخابات میں صدر مجلس نے بی آر ایس سے انتخابی مفاہمت کا اعلان کرکے کہا تھا کہ ریاست میں جہاں مجلس کے امیدوار نہیں ہیںوہاں بی آر ایس کو ووٹ دیا جائے ۔ انتخابات کے بعد بی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ کی دختر کے کویتا نے ایودھیا میں زیر تعمیر ’رام مندر‘ کو کروڑوں ہندوؤں کے خواب کی تعبیر قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ مندر کی تعمیر کی تکمیل ملک بھر کے ہندوؤں کا خواب ہے جو پورا ہونے جا رہاہے ۔ بی آر ایس کے رام مندر کے متعلق موقف اور مجلس کے موقف میں تضاد کے بعد استفسار کیا جا رہاہے کہ بی آر ایس اور مجلس میں کیا اب بھی انتخابی مفاہمت برقرار رہے گی یا دونوں سیاسی جماعتوں کی جانب سے اتحاد کو ختم کردیا جائے گا!۔ 3