لوک سبھا انتخابات پر اندرون ایک ہفتہ قطعی فیصلہ: کودنڈا رام

   

حیدرآباد۔/16 فروری، ( سیاست نیوز) صدر تلنگانہ جنا سمیتی پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے سلسلہ میں اندرون ایک ہفتہ پارٹی کی ریاستی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں قائدین سے مشاورت کرتے ہوئے حکمت عملی طئے کی جائے گی۔ پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ پارٹی قائدین کی رائے کے مطابق ہی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کانگریس، تلگودیشم اور سی پی آئی پر مشتمل عوامی اتحاد کی برقراری سے متعلق سوال پر کہا کہ اس بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ کودنڈا رام نے کسانوں کی مختلف تنظیموں کے قائدین کے ہمراہ آج نظام آباد اور آرمور میں لال جوار اور ہلدی کے کسانوں کے احتجاج سے اظہار یگانگت کیا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مسائل کا شکار کسانوں کا تحفظ کرنے کے اقدامات کرے۔ انہوں نے ہلدی کی خریدی کیلئے خصوصی بورڈ کے قیام کی مانگ کی۔ کودنڈا رام نے کسانوں کو ہراساں کئے جانے کی مذمت کی اور کہا کہ حقوق کا مطالبہ کرنے پر کسانوں کو گرفتار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کسان کوئی دہشت گرد تو نہیں جنہیں جیلوں میں بند کیا جائے۔ کسانوں کے قائدین نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر سے ملاقات کیلئے انہوں نے چار گھنٹوں تک انتظار کیا لیکن ممکن نہ ہوسکا۔ آخر کار انہوں نے رکن پارلیمنٹ کویتا سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں یادداشت پیش کی۔ کسان ہلدی کیلئے فی کنٹل 16ہزار روپئے کی ادائیگی کا مطالبہ کررہے ہیں۔