لوک سبھا انتخابات کیلئے اعلامیہ کی اجرائی،7امیدواروں کی نامزدگیاں داخل

   

اسد اویسی حیدرآباد ، ونود کمار کریم نگر ، رمیش راتھوڑ عادل آباد اور کوڈیا سوامی پداپلی شامل

حیدرآباد۔18 مارچ(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں لوک سبھا انتخابات کے سلسلہ میں اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ ہی پہلے دن جملہ 7امیدواروں نے پرچۂ نامزدگی داخل کردیئے ہیں جن میں کانگریس ‘ بھارتیہ جنتا پارٹی ‘ تلنگانہ راشٹر سمیتی اور مجلسی امیدواربرائے حلقہ پارلیمان حیدرآباداسد الدین اویسی بھی شامل ہیں۔لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلہ کے لئے آج اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ ہی 11اپریل کو ہونے والی رائے دہی کے لئے سرگرمیاں تیز ہو چکی ہیں اور ریاست تلنگانہ کے 17 حلقہ جات پارلیمان میں 7 امیدواروں نے پہلے ہی دن اپنے پرچۂ نامزدگی داخل کئے ہیں ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ریاست تلنگانہ میں وصول ہونے والے 7 پرچۂ نامزدگیوں میں اہم حلقہ حیدرآباد سے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی ‘ رکن پارلیمنٹ کریم نگر بی ونود کمار تلنگانہ راشٹر سمیتی ‘ رمیش راتھوڑ امیدوار کانگریس حلقہ پارلیمنٹ عادل آباد‘ کویاڈاسوامی بھارتیہ جنتا پارٹی حلقہ پارلیمنٹ پداپلی شامل ہیں ۔ ریاست تلنگانہ میں پہلے مرحلہ میں ہی 11اپریل کو تمام 17 حلقہ جات پارلیمان میں رائے دہی ہوگی اور پرچۂ نامزدگیوں کے ادخال کا سلسلہ 25مارچ تک جاری رہے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی اور کانگریس کے علاوہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے تمام امیدواروں کا اعلان ہونے کے بعد ہی پرچۂ نامزدگیوں کے ادخال میں تیزی آئے گی ۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے جاری کردہ احکام کے مطابق پرچۂ نامزدگی کا ادخال کرنے والے تمام امیدواروں کے حلف ناموں کو آن لائن ویب سائٹ پر رکھا جانا چاہئے اور تلنگانہ چیف الکٹورل آفیسر کی جانب سے پرچۂ نامزدگی داخل کرنے والے تمام امیدواروں کے حلف ناموں کو آن لائن کیا جا رہاہے جہاں شہری امیدواروں کے اثاثہ جات اور ان پر درج مقدمات کے علاوہ قرض اور جائیدادوں کی تفصیلات کا مشاہدہ کرسکتے ہیں۔ ونود کمار نے جو لوک سبھا میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے ڈپٹی فلور لیڈر ہیں ۔ دوسری مرتبہ کریم نگر سے مقابلہ کررہے ہیں ۔ ٹی آر ایس اگرچہ تاحال اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان نہیں کی ہے لیکن ٹی آر ایس پارٹی کے صدر اور چیف منسٹر چندر شیکھرر اؤ ونود کمار کو پرچہ داخل کرنے کیلئے کہا گیا تھا اور انہوں نے ہدایت پر تعمیل کی ۔ حیدرآباد مجلس اتحاد المسلمین کا طاقتوت گڑھ ہے اور ٹی آر ایس اپنی حلیف کی بھرپور تائید کا اعلان کی ہے ۔ کانگریس اور بی جے پی نے اس حلقہ سے تاحال اپنے امیدوار کے نام کا اعلان نہیں کیا ہے ۔ اسد اویسی 2004ء سے اس حلقہ سے منتخب ہوتے رہے ہیں ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے حال ہی میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مراد آباد کے سابق کانگریس رکن پارلیمنٹ محمد اظہر الدین کو امیدوار نامزد کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن ذرائع نے کہاکہ اظہر الدین اس حلقہ سے مقابلہ کرنے سے کوئی دلچسپی نہیں رکھتے ۔ لوک سبھا انتخابات میں ٹی آر ایس اور مجلس نے مشترکہ طور پر مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ توقع ہے کہ مجلس کے صدر اضلاع میں ٹی آر ایس امیدواروں کی تائید میں مہم چلائیں گے ۔