سیاسی حلقوں میں موضوع بحث ، اسپیکر اسمبلی ریاستی الیکشن کمیشن کو اطلاع دیں گے
حیدرآباد ۔ 24 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : اسمبلی حلقہ سکندرآباد کنٹونمنٹ کی موجودہ رکن اسمبلی لاسیا نندیتا کی سڑک حادثہ میں موت واقع ہوجانے کے بعد اس حلقہ اسمبلی کا ضمنی انتخاب فی الحال موضوع بحث بنا ہوا ہے کیوں کہ آئندہ 15 دن میں لوک سبھا انتخابات کے لیے شیڈول جاری ہونے کا قوی امکان ہے ۔ تمام سیاسی جماعتیں لوک سبھا انتخابات میں مقابلہ کرنے والے امیدواروں کی فہرست تیار کرنے میں مصروف ہے ۔ ایسے میں اسمبلی حلقہ سکندرآباد کنٹونمنٹ کا ضمنی انتخاب پر بھی تمام جماعتیں اپنی توجہ مرکوز کرچکی ہیں ۔ عام طور پر کسی بھی موجودہ رکن اسمبلی کی موت واقع ہوجانے پر یا رکن اسمبلی کی جانب سے استعفیٰ دینے پر الیکشن کمیشن کی جانب سے اندرون 6 ماہ ضمنی انتخاب کرایا جاتا ہے ۔ تاہم لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر یہ توقع کی جارہی ہے کہ لوک سبھا انتخابات کے ساتھ اسمبلی حلقہ سکندرآباد کنٹونمنٹ کا بھی ضمنی انتخاب کرادیا جائے گا ۔ اسپیکر اسمبلی کی جانب سے ریاستی الیکشن کمیشن کو یہ اطلاع دینی ہوتی ہے کہ کوئی اسمبلی حلقہ مخلوعہ ہوا ہے ۔ اسپیکر اسمبلی کی رپورٹ پر ریاستی الیکشن کمیشن اس حلقہ پر ضمنی انتخاب کے لیے سنٹرل الیکشن کمیشن سے سفارش کرتی ہے اور سنٹرل الیکشن کمیشن ضمنی انتخابات کرانے کا نوٹیفیکیشن جاری کرتا ہے ۔ توقع کی جارہی ہے کہ آئندہ ماہ 13 مارچ تک لوک سبھا انتخابات کے لیے سنٹرل الیکشن کی جانب سے شیڈول جاری کیا جائے گا ۔ اس شیڈول میں اسمبلی حلقہ کنٹونمنٹ کا بھی ضمنی انتخاب شامل ہوسکتا ہے ۔ ریاست کی تمام سیاسی جماعتیں لوک سبھا انتخابات کے ساتھ اسمبلی حلقہ سکندرآباد کنٹونمنٹ ضمنی انتخاب پر بھی توجہ دے رہی ہے ۔۔ 2