لوک سبھا چناؤ سے قبل ملک بھر میں الیکشن کمیشن کی شعور بیداری مہم

   

محکمہ ڈاک و انڈین بینک اسوسی ایشن سے معاہدہ، ووٹنگ فیصد میں اضافہ و عوامی شراکت بنیادی مقصد
حیدرآباد ۔ 26 ۔ فروری(سیاست نیوز) لوک سبھا انتخابات سے قبل رائے دہی سے متعلق عوام نے شعور بیداری کیلئے الیکشن کمیشن آف انڈیا نے انڈین بینک اسوسی ایشن اور ڈپارٹمنٹ آف پوسٹ کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ہیں۔ ملک بھر میں رائے دہندوں کو عام انتخابات میں اپنے حق کے استعمال کے سلسلہ میں دونوں اداروں کی جانب سے مہم چلائی جائے گی ۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے حال ہی میں فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت اور اسکولس اور کالجس کے نصاب میں رائے دہی سے متعلق شعور بیداری کو شامل کرنے کیلئے مرکزی وزارت تعلیم سے معاہدہ کیا تھا ۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار اور الیکشن کمشنر ارون گوئل، سکریٹری ڈپارٹمنٹ آف پوسٹ ونیت پانڈے ، سنیل مہتا اور دیگر عہدیداروں کی موجودگی میں یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے گئے ۔ انڈین بینکس اسوسی ایشن اور ڈپارٹمنٹ آف پوسٹ اپنے نیٹ ورک کے ذریعہ عوام میں شعور بیداری کیلئے الیکشن کمیشن سے ہر ممکن تعاون کریں گے ۔ دونوں اداروں کے ویب سائیٹ پر وقفہ وقفہ سے شعور بیداری پیامات جاری کرکے عوام کو الیکشن کے مختلف مراحل کے بارے میں واقف کرایا جائے گا۔ سوشیل میڈیا اور کسٹمر سرویس پلیٹ فارمس کے ذریعہ بھی عوام کیلئے پیامات جاری کئے جائیں گے ۔ پوسٹرس، فلیکسی اور ہوڈنگس کے ذریعہ دفاتر اور اہم مقامات پر شعور بیداری پیامات کی تشہیر کی جائے گی۔ دونوں ادارے اپنے ملازمین کیلئے اورینٹیشن پروگرامس کا اہتمام کریں گے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں سے آزادانہ اور منصفانہ رائے دہی اور عوام کی شمولیت میں اضافہ کی مساعی کے باوجود لوک سبھا الیکشن 2019 ء میں 30 کروڑ رائے دہندوں نے حق رائے دہی سے استفادہ نہیں کیا۔ رائے دہی کا فیصد 69.4 رہا جو تشویش کا باعث ہے۔ انڈین بینکس اسوسی ایشن اور ڈپارٹمنٹ آف پوسٹ کے ذریعہ ملک میں جمہوریت کے استحکام اور رائے دہی سے متعلق عوام کے حقوق کو واقف کرانے کی مساعی کی جارہی ہے۔ دونوں اداروں نے اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن سے تعاون کا تیقن دیا ہے ۔ انڈین بینکس اسوسی ایشن کا 26 ستمبر 1946 کو قیام عمل میں آیا اور اس کے تحت 90,000 مختلف عوامی شعبہ کے بینکس کی برانچس اور 1.36 لاکھ اے ٹی ایم مراکز ہیں۔ خانگی شعبہ کے 42,000 برانچس اور 79,000 اے ٹی ایمس اسوسی ایشن کے تحت ہیں۔ ڈپارٹمنٹ آف پوسٹ کے تحت ملک میں 15000 پوسٹ آفس خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ 1