10 لاکھ نئے ناموں کی شمولیت، چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج کا انکشاف
حیدرآباد ۔ یکم مارچ (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ وکاس راج نے بتایا کہ لوک سبھا انتخابات کے سلسلہ میں ریاستی سطح پر تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ انتخابات کے سلسلہ میں مرکزی فورسس کی 60 کمپنیوں کو ریاست کے مختلف علاقوں میں تعینات کیا جائے گا تاکہ آزادانہ اور منصفانہ رائے دہی یقینی بنائی جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے اسمبلی انتخابات کے بعد سے فہرست رائے دہندگان میں 6.5 لاکھ رائے دہندوں کے نام حذف کئے ہیں۔ یہ نام فوت ہونے والے افراد یا پھر ایک سے زائد مقامات پر ناموں کی موجودگی سے متعلق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں نے فہرست رائے دہندگان کے سلسلہ میں جو شکایات داخل کی ہیں ، ان کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ وکاس راج نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے اگرچہ قطعی فہرست رائے دہندگان جاری کردی ہے لیکن ناموں کی شمولیت اور تصحیح کا عمل جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں 10 لاکھ نئے رائے دہندوں کے نام شامل کئے گئے ہیں۔ اسمبلی انتخابات کے بعد 3.5 لاکھ رائے دہندوں کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیم فوجی دستوں کی 60 کمپنیاں تلنگانہ میں تعینات کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہی کے سلسلہ میں ای وی ایم مشینوں کی درکار تعداد موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک کارپوریشن آف انڈیا کو 5000 نئی ای وی ایم مشینوں کا آرڈر دیا گیا ہے ۔ وکاس راج کے مطابق سکندرآباد کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کی تیاریاں جاری ہیں ۔ اس حلقہ میں بی آر ایس رکن ایل نندیتا کے دیہانت کے سبب ضمنی چناؤ یقینی ہوچکا ہے۔ وکاس راج کے مطابق جاریہ ہفتہ سنٹرل فورسس کی 6 کمنپیاں حیدرآباد پہنچ جائیں گی اور انہیں مختلف اضلاع میں تعینات کیا جائے گا۔ انتخابی مہم اور رائے دہی کے موقع پر دولت اور شراب کی تقسیم کو روکنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی شیڈول کی اجرائی کے بعد مختلف محکمہ جات کو متحرک کیا جائے گا۔ حالیہ عرصہ میں فہرست رائے دہندگان کے بارے میں کانگریس کے فیروز خاں اور بی جے پی قائدین ششی دھر ریڈی اور وشویشور ریڈی نے الیکشن کمیشن سے شکایت کی ہے۔ ان کی شکایات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ 1