لوک سبھا کیلئیچناؤ کانگریس قائدین میں جوش

   

ہنمنت راؤ کی کھمم پر نظر ، اظہر الدین اور جئے پال ریڈی کے حلقوں پر تجسس
حیدرآباد ۔18فبروری ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں اپنی شکست کو پیچھے چھوڑ کر کانگریس اب لوک سبھا انتخابات کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہوچکی ہے ۔ اس کے متعدد قائدین نے انتخابی مقابلہ کرنے سے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔ کانگریس اس ماہ ٹکٹ کے خواہشمند قائدین کی درخواستیں وصول کرچکی ہے اور اس عمل کے دوران دیکھا گیا کہ کئی اہم قائدین نے مقابلہ کرنے سے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔ کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر ملو بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ رواں ماہ کے اواخر تک لوک سبھا کے لئے پارٹی امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دی جائے گی ۔ کانگریس نے گذشتہ ہفتہ اپنی پارٹی کا تین روزہ سیشن منعقد کیا تھا جس میں ابتدائی سطح سے پردیش کانگریس سطح تک تمام قائدین نے شرکت کیتھی ۔ سابق رکن پارلیمنٹ وی ہنمنت راؤ نے جو متحدہ آندھراپردیش میں پردیش کانگریس کے صدر بھی رہ چکے ہیں ۔ حلقہ لوک سبھا کھمم سے ٹکٹ کی خواہش کی ہے ۔ سابق مرکزی وزیررینوکا چودھری جو قبل ازیں کھمم کی نمائندگی کرچکی ہیں ، اس حلقہ سے دوبارہ مقابلہ کرنے کیلئے دلچسپی ظاہر کرچکی ہیں ۔ حال ہی میں وہ اپنے حامیوں کے ساتھ اجلاس منعقد کی تھیں ۔ یہاں یہ بھی دلچسپ ہے کہ کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل اور اے آئی سی سی کے سابق سکریٹری پی سدھاکر ریڈی اپنی پارٹی کے صدر راہول گاندھی کو حلقہ کھمم سے مقابلہ کرنے کی دعوت دے چکے ہیں ۔ کانگریس نے 7 ڈسمبر کو منعقدہ اسمبلی انتخابات میں ناقص مظاہرہ کرتے ہوئے 119 کے منجملہ صرف 19حلقوں میں کامیابی حاصل کیتھی جس کے باوجود کھمم میں اس کا مظاہرہ قدرے بہتر رہا ۔ یہ بھی دیکھنا باقی ہے کہ سابق مرکزی وزیر ایس جئے پال ریڈی کس حلقہ سے مقابلہ کریں گے ۔ سابق کرکٹر محمد اظہر الدین جو اب تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے کارگذار صدر ہیں انتخابی مقابلہ کیلئے میدان میں اتر سکتے ہیں ۔ قبل ازیں وہ اترپردیش کے حلقہ مرادآباد سے کامیاب ہوئے تھے ۔