لڑکیوں اور خواتین کے ساتھ چھیڑچھاڑ اور ناجائز تعلقات کے خلاف مقدمات

   

متاثرین کی شکایتوں پر کارروائی ، بالانگر اور سائبرآباد شی ٹیم کی مشترکہ کارروائی
حیدرآباد : /19 اگست (سیاست نیوز) سائبرآباد شی ٹیم کی جانب سے ماہ جولائی کی کارکردگی رپورٹ کو جاری کردیا گیا ۔ خواتین اور نوجوان لڑکیوں کے خلاف جاری ظلم و زیادتیوں کو منظر عام پر لاتے ہوئے شی ٹیم نے خاطیوں کے خلاف کارروائی کی ۔ تاہم متاثرہ شکایت گذار لڑکیوں اور خواتین کی شناخت کو راز میں رکھا گیا ۔ بالانگر شی ٹیم نے ایک ایسے بدخماش کو گرفتار کرلیا جس نے نوجوان لڑکی کو شادی کا وعدہ کرتے ہوئے اس کے ساتھ جنسی وابستگی کی اور لڑکی کے علم میں لائے بغیر ویڈیو تیار کرلی ۔ پولیس نے لڑکی کی شکایت پر 26 سالہ ومشی کو گرفتار کرلیا جو لڑکی سے محبت کرتا تھا اور اپنے جھانسے میں ڈالکر لڑکی کے والدین کی غیر موجودگی میں اس کی عصمت ریزی کی ۔ شمش آباد شی ٹیم نے 22 سالہ نرسمہا کو گرفتار کرلیا جو متاثرہ لڑکی کے والد کا دوست ہے ۔ ساتھی کی عدم موجودگی میں ذہنی معذور اس کی بیٹی کی متعدد بار عصمت ریزی کی اس بات کا انکشاف اس وقت ہوا جب لڑکی کو خرابی صحت کے سبب ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا تھا ۔ شی ٹیم سے ایک انٹرمیڈیٹ کی طالبہ نے شکایت کی ۔ اس لڑکی کو فزیکس پڑھانے والے ٹیچر کی جانب سے ہراسانی کا سامنا تھا ۔ 31 سالہ مدھو جو انٹر طالبہ کو ٹیوشن پڑھاتا تھا اس نے لڑکی کے والدین کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھایا ۔ لڑکی کی تصاویر حاصل کرنے کے بعد سوشیل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکی دے کر لڑکی سے جنسی خواہش پوری کرنا چاہتا تھا ۔ شمس آباد شی ٹیم نے 39 سالہ سوامی نامی شخص کو گرفتار کرلیا جو ایک بیوہ خاتون کی تنہائی کا فائدہ اٹھاکر اس کو جنسی خواہش پوری کرنے پر مجبور کررہا تھا ۔ شوہر کی موت کے بعد خاتون ایرپورٹ میں ملازمت کرنے لگی اس دوران سوامی اس کے رابطہ میں آیا ۔ خاتون بالانگر سے شمس آباد ملازمت کے سلسلہ میں منتقل ہوئی تھی اور اس کے بچے اس کی والدہ کے ساتھ بالانگر میں رہتے تھے ۔ سوامی اکثر خاتون کے مکان آیا کرتا تھا اور خاتون پر اخراجات برداشت کرنے کے بہانے اس سے جنسی خواہش پوری کرنا چاہتا تھا ۔ خاتون کے ساتھ مارپیٹ کے بھی الزامات پائے جاتے ہیں ۔ ایک دوسری شکایت میں کیاش کاؤنٹر سے نمبر حاصل کرنے کے بعد لڑکی کو قابل اعتراض پیامات روانہ کرتے ہوئے جنسی خواہش پوری کرنے کے لئے لڑکی کو جال میں پھانسنے کی کوشش کرنے والے شخص کو کوکٹ پلی پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ شی ٹیم نے ماہ جولائی کے دوران کل 157 شکایتیں وصول کیں ۔ جس میں شادی کیلئے دھوکہ دہی کیلئے (12) ، سوشیل میڈیا کے ذریعہ ہراسانی کے (9) ، فون کے ذریعہ ہراسانی کے (38) ، بلیک میلنگ کے (15) دیگر شکایتیں وصول ہوئیں ۔ شکایت گزار خواتین اور لڑکیوں میں راست طور پر (19) نے واٹس ایپ کے ذریعہ (120) نے ہاک ائی ذریعہ (2) کیو آر کوڈ کے ذریعہ 6 نے شکایت کی ۔ خاطی افراد میں 19 تا 24 سال عمر کے (82) ، 25 تا 35 سال عمر کے (83) ، 36 تا 50 سال عمر کے 19 اور 51 سال سے زائد عمر کا ایک اور تین کمسن شامل ہیں ۔ A