لڑکیوں اور خواتین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کیخلاف سخت کارروائی

   

راہ چلتی لڑکی کے ساتھ دست درازی کا شاخسانہ ، ملزم گرفتاری کے بعد جیل منتقل
حیدرآباد ۔ 19 جولائی ۔ (سیاست نیوز) لڑکیوں اور خواتین سے چھیڑ چھاڑ کرنے اور اُنھیں ہراساں کرنے والوں کا راچہ کنڈہ پولیس تعاقب کررہی ہے ۔ اس طرح کے ایک واقعہ میں راچہ کنڈہ پولیس کی اسپیشل آپریشن ٹیم آئی ٹی سیل اور ایل بی نگر پولیس نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کرلیا جس نے دن دھاڑے لڑکی سے چھیڑ چھاڑ کی حد کردی تھی ۔ لڑکی کا راستہ روکنے کے بعد اس لڑکی کے جسمانی اعضاء کو چھوتے ہوئے اس نے حد پار کردی تھی ۔ یہ واقعہ 12 جولائی کو ایس بی ایچ کالونی ایل بی نگر میں پیش آیا تھا جہاں 19 سالہ لڑکی جو راستہ سے گزر رہی تھی اس بدقماش شخص جس کی شناخت 25 سالہ جی شیوا ریڈی کی حیثیت سے کی گئی ہے جس کو پولیس نے گرفتار کرلیا اس نے لڑکی کا راستہ روکا اور پیچھے سے لڑکی کے جسمانی اعضاء سے چھیڑ چھاڑ کی اور فرار ہوگیا۔ کمشنر پولیس مسٹر مہیش مرلی دھر بھگوت نے آج اس بدقماش کو میڈیا کے سامنے پیش کیا اور عدالتی تحویل میں دیدیا ۔ اس کالونی کے ایک شہری نے اس کی حرکت کو دیکھتے ہوئے فوری پولیس کو اطلاع دی اور مسئلہ کو کمشنر سے رجوع کیا ۔ خواتین سے چھیڑ چھاڑ اور انھیں ہراساں کرنے کے معاملہ پر اپنا سخت گیر موقف رکھنے والے کمشنر پولیس راچہ کنڈہ نے اسپیشل آپریشن ٹیم کو احکامات جاری کردیئے ۔ پولیس کے لئے اس کی شناخت بہت مشکل تھی اور جس موٹرسیکل پر اس نے یہ حرکت کی تھی اس کا نمبر بھی موجود نہیں تھا ۔ تاہم ایس او ٹی نے بڑی مشقت کے بعد سوریہ پیٹ کے ایک دیہاتی علاقہ سے اس شخص کو گرفتار کرلیا ۔ کمشنر پولیس نے ایسے واقعات کے خلاف ڈائیل 100 یا پھر 9490617111 پر واٹس ایپ کے ذریعہ شکایت کرنے کی عوام الناس سے خواہش کی ہے۔