5 افراد زخمی‘2کی حالت تشویشناک‘ میلہ میں افراتفری
لکھنؤ۔18؍اگست ( ایجنسیز )اتر پردیش کے لکھنؤ میں منگل کی رات ایک میلے میں فیرس وہیل جوئیرائیڈ کے گرنے سے تین بہن بھائیوں سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے۔زخمیوں میںدو افراد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔یہ واقعہ لکھنؤ کے غازی پور تھانہ علاقے میں اندرا نگر ساون مہوتسو کے دوران پیش آیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق تفریحی سواری کی ایک ٹرالی اچانک ٹوٹ کر زمین پر گر گئی۔زخمیوں کو علاج کیلئے شہر کے سشما ہاسپٹل لیجایا گیا۔حادثہ کی ویڈیوز سامنے آئی ہیں جس میں حادثہ کے بعد میلے میں خوف و ہراس کا ماحول دیکھا جا سکتا ہے۔مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ حادثہ کے باوجود فیرس وہیل کو فوری طور پر نہیں روکا گیا۔جھولا ٹوٹنے کے بعد ایک 13سالہ لڑکی 60فیٹ کی بلندی پر جھولے سے لٹکتی رہی۔کافی چیخ و پکار کے بعد آہستہ سے جھولے کو نیچے کیا گیا اور لڑکی کو بحفاظت بچالیا گیا۔اس دوران میلہ میں افراتفری کا ماحول دیکھا گیا۔ بتا یا گیا ہے کہ میلہ میں آپریٹر کے پاس فیرس وہیل چلانے کی اجازت نہیں تھی۔حکام کا کہنا ہے بغیر اجازت فیرس وہیل چلانے کی تحقیقات کی جائیں گی جس کے بعد قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے ۔