بھونیشور، 28 مئی (یو این آئی) اڈیشہ کے سندر گڑھ ضلع میں سارندا جنگل کے قریب لانگل کاٹا علاقے میں ماؤنوازوں نے دھماکہ خیز مواد سے لدے ٹرک کو لوٹنے کے بعد، مغربی رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس اور رورکیلا سپرنٹنڈنٹ پولیس فورس کے ساتھ بدھ کو تحقیقات کے لئے موقع پر پہنچ گئے ۔ انہیں اطلاع ملی تھی کہ مشتبہ ماؤنوازوں نے منگل کو دھماکہ خیز مواد سے لدے ایک ٹرک کو لوٹ لیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق، ٹرک اڈیشہ-جھارکھنڈ سرحد کے قریب بانکو میں ایک پتھر کی کان میں گولہ بارود کے ڈپو سے جیلیٹن کی راڈ کے سینکڑوں پیکٹ سمیت تقریباً چارٹن دھماکہ خیرا مواد لے جارہا تھا۔ اسے جنگل کے اندر مشتبہ ماؤنوازوں نے روک لیا،جہاں انہوں نے بندوق کی نوک پر دھماکہ خیز مواد سے لدے ٹرک کو لوٹ لیا۔ حملہ آور ماؤنوازوں نے دھماکہ خیز مواد سے لدے ٹرک کو قریبی سارنڈا جنگل میں لے جاکر کھڑا کردیا، جو ان کا گڑھ سمجھا جاتا ہے اور ٹرک سے سارا مواد اتار لیا۔ ڈرائیور اور ہیلپر کو تاہم ماؤنوازوں نے بغیر کسی نقصان کے چھوڑ دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر سندر گڑھ پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) نے مشترکہ تلاشی مہم شروع کی۔