مائیک والز ٹرمپ کے نئے قومی سلامتی مشیر

   

واشنگٹن: امریکہ کے منتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں قومی سلامتی کے مشیر کے عہدے کیلئے مائیک والز کا انتخاب کیا ہے۔ یہ بات کئی امریکی ذرائع کی جانب سے سامنے آئی ہے۔ والز جنگیں لڑنے والے سینئر فوجی رہ چکے ہیں۔ انھوں نے افغانستان، مشرق وسطی اور افریقا میں خدمات انجام دیں۔قومی سلامتی کا مشیر نہایت مؤثر عہدہ ہے جس پر تقرر صدر کی جانب سے کیا جاتا ہے اور اس تقرر کو سینیٹ کی توثیق کی ضرورت بھی نہیں ہوتی ہے۔ قومی سلامتی مشیر نیشنل سیکورٹی کی تمام اعلی ترین ایجنسیوں کے درمیان رابطہ کاری انجام دیتا ہے۔ وہ صدر کو مطلع کرنے اور اس کی پالیسیوں پر عملدرآمد کا پابند ہوتا ہے۔ مائیک والز ایوان نمائندگان کے رکن اور امریکی اسپیشل فورسز کے ریٹائرڈ افسر ہیں۔ وہ نیشنل گارڈز میں کرنل کے عہدے پر بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔ جہاں انھوں نے 2021 میں افغانستان سے انخلا پر جو بائیڈن انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا وہاں وہ ٹرمپ کی خارجہ پالیسی سے متعلق آراء کو کئی بار علانیہ طور پر سراہ چکے ہیں۔