مائیک ٹائسن کئی سال بعد باکسنگ رنگ میں اُترنے تیار

   

نیویارک: باکسنگ کی دنیا کے سابق ہیوی ویٹ ورلڈ چمپئن مائیک ٹائسن کئی برس بعد ایک بار پھر رنگ میں واپس آ رہے ہیں۔ لیجنڈری باکسر یوٹیوبر سے باکسر بننے والے جیک پال سے مقابلے کے لیے رنگ میں اتریں گے۔ دونوں کے درمیان یہ باکسنگ میچ 20 جولائی کو ڈیلاس کے اے ٹی اینڈ ٹی اسٹیڈیم میں ہوگا، جسے اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس پر لائیو نشر کیا جائے گا۔ یہ اسٹریمنگ پلیٹ فارم میں کسی اسپورٹس ایونٹ کی پہلی لائیو نشریات ہوگی۔ مائیک ٹائسن کی عمر 57 سال جبکہ جیک پال کی 27 سال ہے۔ جیک پال نے گزشتہ سال ایک باکسر اور رئیلٹی ٹی وی اسٹار ٹومی فیوری سے بھی مقابلہ کیا تھا جس میں انہیں شکست کا سامنا ہوا تھا، مگر اس مقابلے سے انہیں 90 لاکھ ڈالرز کی آمدنی ہوئی تھی۔ مجموعی طور پر وہ 10 باکسنگ مقابلوں کا حصہ بن چکے ہیں جن میں سے 9 میں انہیں کامیابی حاصل ہوئی اور وہ اب ورلڈ چمپئن بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ میں ورلڈ چمپئن بننے کا خواہشمند ہوں اور اب مجھے تاریخ کے بہترین ہیوی ویٹ چمپئن کے خلاف خود کو ثابت کرنے کا موقع ملا ہے جن کو تاریخ کا خطرناک ترین باکسر بھی قرار دیا جاتا ہے۔ ٹائسن سے مقابلے کیلئے انہیں زیادہ معاوضہ ملنے کا امکان ہے۔ ٹائسن نے اس حوالے سے کہا کہ جیک پال گزشتہ برسوں میں اچھے باکسر کے طور پر ابھرے ہیں اور ان سے مقابلہ کافی پرلطف ہوگا۔ اپنے عروج کے دوران میں مائیک ٹائسن تاریخ کے سب سے تباہ کن ورلڈ ہیوی ویٹ چمپئن کہلاتے تھے جو بہت برے انداز سے اپنے حریفوں کو ناک آؤٹ کرتے تھے۔ ان کا آخری مقابلہ 2020 میں ہوا تھا جو ایک اور سابق چمپئن روئے جونز جونیر کے خلاف نمائشی میچ تھا جو برابری پر ختم ہوا۔ ان کی آخری پروفیشنل فائٹ 2005 میں آئرش باکسر کیون میک برائیڈ سے ہوئی تھی جس میں انہیں شکست کا سامنا ہوا تھا۔ ٹائسن نے اپنے کرئیر میں 58 مقابلوں میں حصہ لیا اور 50 میں کامیابی حاصل کی، جن میں سے 44 میں انہوں نے اپنے حریف کو ناک آؤٹ کیا۔