اپریل اور مئی میں انتخابات،4 ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کی تیاریاں
حیدرآباد۔/20 فروری، ( سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ملک میں لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کے سلسلہ میں انتخابی تاریخوں کے تعین کو تقریباً قطعیت دے دی ہے۔ اگرچہ سیاسی حلقوں میں اس بات کی پیش قیاسی کی جارہی تھی کہ لوک سبھا بجٹ سیشن کے فوری بعد پارلیمنٹ تحلیل کرتے ہوئے جاریہ ماہ کے اواخر تک الیکشن شیڈول جاری کردیا جائے گا تاہم الیکشن کمیشن نے ان اندیشوں کو غلط ثابت کردیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق بعض ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے ساتھ لوک سبھا چناؤ کیلئے الیکشن کمیشن نے منصوبہ بندی کرلی ہے اور9 مارچ کے بعد الیکشن شیڈول جاری کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کی ٹیموں نے ان ریاستوں کا دورہ کیا ہے جہاں اسمبلی انتخابات مقرر ہیں۔ سیاسی پارٹیوں اور ریاستوں کے عہدیداروں سے مشاورت کے بعد الیکشن شیڈول کو قطعیت دی جارہی ہے۔ باوثوق ذرائع
کے مطابق لوک سبھا کے ساتھ آندھرا پردیش، اڈیشہ، اروناچل پردیش اور سکم کے اسمبلی انتخابات منعقد ہوں گے۔ اس کے علاوہ جموں کشمیر اسمبلی کے انتخابات کے انعقاد کے سلسلہ میں بھی الیکشن کمیشن نے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکزی حکومت کے عہدیداروں کے ساتھ 8 اور 9 مارچ کو الیکشن کمیشن کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں انتخابی شیڈول کو قطعیت دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق جموں کشمیر میں سیکوریٹی انتظامات اور نیم فوجی دستوں کی تعیناتی کا جائزہ لیا جائے گا۔ توقع ہے کہ الیکشن کمیشن کی ٹیم 12 اور 13 مارچ کو جموں کشمیر کا دورہ کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لے گی۔ لوک سبھا کے ساتھ اسمبلی کے چناؤ کے امکانات پر جموں کشمیر کے اڈمنسٹریشن سے مشاورت کے بعد ہی فیصلہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق مارچ کے دوسرے ہفتہ میں لوک سبھا کا شیڈول جاری کیا جاسکتا ہے۔ گذشتہ لوک سبھا چناؤ کیلئے10 مارچ 2019 کو شیڈول جاری کیا گیا تھا اور 11 اپریل تا 19 مئی 7 مرحلوں میں رائے دہی کا اعلان کیا گیا تھا۔23 مئی کو رائے شماری اور نتائج کا اعلان ہوا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ الیکشن کمیشن اس مرتبہ بھی اپریل اور مئی کے درمیان الیکشن کے انعقاد کا منصوبہ رکھتا ہے۔ شیڈول کی اجرائی کے ساتھ ہی ملک بھر میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوجائیگا۔1