ایڈیلیڈ ۔ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان17 دسمبر کو ایڈیلیڈ میں شروع ہونے والے ڈے نائٹ ٹسٹ مقابلے کے لئے وکٹوریا کے اوپنر مارکس ہیرس کو آسٹریلیائی ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے ۔ آسٹریلیاکے اوپنر ڈیوڈ وارنر کے ہندوستان کے خلاف دوسرے ونڈے میچ میں فیلڈنگ کے دوران زخمی ہونے اور ان کے متبادل کے طور پر شامل کئے گئے ول پکوسکی کے انڈیا اے کے خلاف پہلے پریکٹس میچ کے دوران زخمی ہونے کے بعد ہیرس کو پہلے ٹسٹ کے لئے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ ہیرس نے آسٹریلیا کے لئے اب تک نو ٹسٹ میچ کھیلے ہیں اور انہوں نے24.06 کی اوسط سے385 رنز بنائے ہیں۔ حال ہی شیفیلڈ شیلڈ گیمز میں بھی انہوں نے جنوبی آسٹریلیا کے خلاف 239 رنز بنائے تھے ۔آسٹریلیا ئی ٹیم کے سلیکٹر ٹریوس ہونس نے کہا حال ہی میں کھلاڑیوں کے زخمی ہونے کے بعد ہم خوش قسمت ہیں کہ ہیرس جیسے کھلاڑی کو ٹسٹ ٹیم میں شامل کرنے میں کامیاب رہے ۔ ہیرس اس سیزن میں وکٹوریا کے لئے شاندار فارم میں ہیں اور انہیں ہندوستان کے خلاف دونوں پریکٹس میچ میں کھیلنے کا موقع ملاہے ۔