مالدیپ میں اسلام کے پھیلاؤ کے 900 سال کی تکمیل پر تقاریب

   

حلال تجارتی سرگرمیوں کیلئے اوقاف انوسٹمنٹ لمیٹیڈ، صدر معزو کا خطاب
حیدرآباد۔ 13 ستمبر (سیاست نیوز) مالدیپ میں اسلام کی رسائی کے 900 سال مکمل ہوگئے۔ اسلام سے وابستگی کے 900 سال کی تکمیل پر مالدیپ میں مختلف پروگرامس منعقد کئے گئے۔ مالدیپ کے ہلہومالے سنٹرل پارک میں ہفتہ کی شب عظیم الشان تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مالدیپ میں اسلام کے داخلے کے 900 ہجری سال کی تکمیل پر عوام نے خوشیاں منائی۔ صدر محمد معزو نے اس موقع پر اپنے پیام میں ملک کی تہذیبی یکجہتی اور آزادی کے سلسلہ میں حکومت کے اٹوٹ ایقان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مالدیپ میں اسلام کے پھیلاؤ سے سماجی ناانصافی کی تاریکیوں کی خاتمہ ہوا ہے اور اسلام سے قبل مالدیپ کا سماج عدم مساوات کا شکار تھا۔ اسلام میں تمام کو یکساں اور مساوی درجہ حاصل ہے اور انسانی زندگی کی قدر اور تحفظ کا درس دیا گیا ہے۔ مالدیپ کے عوام میں خوشحالی کو عام کرنے میں اسلام کا اہم رول ہے۔ صدر معزو نے ممنوعہ اور نشہ آور اشیاء کے استعمال کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ان اشیاء کے استعمال سے نہ صرف خاندانوں بلکہ سماج کی تباہی ہوتی ہے۔ مالدیپ میں حلال تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور سماجی انفرااسٹرکچر کی تشکیل کے لئے مالدیپ اوقاف انوسٹمنٹ لمیٹیڈ کے قیام کا اعلان کیا گیا۔ ہلہومالے سنٹرل پارک میں منعقد تقریب میں ملک کی پہلی خاتون ساجدہ محمد، نائب صدر حسین محمد لطیف، پارلیمنٹ کے اسپیکر عبدالرحیم عبداللہ کے علاوہ وزراء، مذہبی شخصیتوں، ارکان پارلیمنٹ اور مختلف ممالک کے سفارت کاروں نے شرکت کی۔ 1؍F