مالویہ نگر سانحہ: ایک ہی خاندان کے 8 افراد کی موت

   

وویک اگروال کے خاندان کی دردناک کہانی

نئی دہلی ۔4؍ جون ( ایجنسیز) دہلی کے مالویہ نگر میں واقع ہوٹل میں کل لگی ہولناک آگ میں ایک خاندان بری طرح متاثر ہوا ہے جو اپنے بیمار والد کی عیادت اور ان کے ساتھ کچھ وقت گزارنے کیلئے گروگرام سے دہلی آیا تھا۔گروگرام کے رہنے والے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ وویک اگروال اپنے والد کو دیکھنے دہلی پہنچے تھے۔ ان کے والد پھیپھڑوں کے شدید انفیکشن میں مبتلا ہیں اور میکس ہاسپٹل میں داخل ہیں۔ خاندان کو امید تھی کہ بیماری سے لڑ رہے والد کو اپنوں کا ساتھ ملے گا، ان کی ہمت بڑھے اور شاید صحت میں بھی بہتری ہوگی۔ لیکن قسمت میں کچھ اور ہی لکھا تھا۔ رپورٹس کے مطابق وویک اگروال اپنی اہلیہ، 2 بیٹیوں اور بزرگ ماں کے ساتھ دہلی آئے تھے۔ہاسپٹل کے نزدیک رہنے کی سہولت کیلئے خاندان نے مالویہ نگر کے اس ہوٹل میں کمرہ لیا تھا جہاں شدید آگ لگ گئی۔ اسی دوران وویک اگروال کے خالو، خالہ اور ایک دیگر رشتہ دار بھی بیمار والد کی عیادت کرنے دہلی پہنچے۔ انہوں نے بھی اسی ہوٹل میں ٹھہرنے کا فیصلہ کیا۔ خاندان اگلے روز ہاسپٹل جانے کی تیاری میں تھا لیکن اچانک ہوٹل میں آگ بھڑک اٹھی۔ کچھ ہی منٹوں میں پوری عمارت دھوئیں اور آگ کی زد میں آ گئی۔ جو عمارت مسافروں کیلئے ٹھہرنے کی جگہ تھی وہ دیکھتے ہیں دیکھتے موت کا جال بن گئی۔ مقامی لوگوں کے مطابق خاندان کے زیادہ تر افراد جھلسنے اور دم گھٹنے کے سبب جان گنوا بیٹھے ۔ اس حادثے کے بعد خاندان میں تقریباً کوئی ایسا نہیں بچا جو اس سانحے کی کہانی کو آگے بڑھا سکے۔ لوگوں کے درمیان سب سے بڑا سوال یہی ہے کہ کیا یہ سانحہ ٹالا جا سکتا تھا؟ کیا سیکورٹی انتظامات کافی تھے؟ کیا وقت رہتے لوگوں کو باہر نکالا جا سکتا تھا؟ ایک خاندان نے ایسی قیمت چکائی ہے جس کا کسی نے تصور نہیں کیا تھا۔حادثے کے بعد تحقیقاتی ایجنسیاں فعال ہو گئی ہیں۔ پولیس نے ہوٹل مالک لوکیش بجاج کو حراست میں لے لیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

مالویہ نگر حادثہ: مہلوکین کے لواحقین کو فی کس 10 لاکھ کا اعلان
نئی دہلی، 04 جون (یو این آئی) دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے مالویہ نگر حادثے میں جان گنوانے والوں کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے کی امدادی رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔ ریکھا گپتا نے جمعرات کو مالویہ نگر کے ہولناک آتشزدگی کے واقعے کے بعد ساکیت میں واقع میکس ہسپتال پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی۔ وزیر اعلیٰ نے ہسپتال میں داخل زخمیوں اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور علاج معالجے کی صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔